مہنگائی کی لہر ، گیس کی قیمتیں بڑھنے اور آٹا مہنگا ہونے کے باعث خیبر پختونخوا کے نابنائیوں نے 150گرام روٹی کی قیمت 15روپے مقرر کرنیکا مطالبہ کر دیا اور اس سلسلے میں جمعرات سے صوبہ بھر میں ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ نانبائی ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے صدر محمد اقبال یوسفزئی نے بتایا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے آٹے اور گیس قیمتوں میں اضافے کے بعد پرانے ریٹ پر روٹی کی فروخت ممکن نہیں ہے اس سلسلے میں پشاور کی ضلعی حکومت کے ساتھ دو ہفتے قبل مذاکرات شروع کئے گئے تھے اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں نابنائیوں کی دکانوں کا دورہ کرتے ہوئے روٹی کے وزن کے مطابق اخراجات کا جائزہ لیا جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ پشاور سمیت خیبر پختونخوا میں 140گرام روٹی کی قیمت 12روپے مقرر کی جائیگی تاہم پشاور کی ضلعی انتظامیہ اپنے ہی کئے گئے وعدے سے مکر گئی ہے اور اب وہ اس قیمت پر بھی راضی نہیں ہے جس کے بعد صوبہ بھر کے نانبائیوں نے مکمل ہڑتال کا فیصلہ کیا ہے محمداقبال یوسفزئی نے بتایا کہ مہنگائی کی لہر نے نانبائیوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے ایسے میں روٹی کی قیمت میں اضافہ نہ کرنے سے ان کے کاروبار کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے انہوں نے صوبائی اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مذاکرات کے ذریعے مسئلہ حل کیا جائے تاکہ شہریوں کو روٹی بھی میسر آ سکے اور نانبائی کے کاروبار کو نقصان بھی نہ پہنچے۔ محمد اقبال یوسفزئی نے واضح کیا کہ حکومت کی جانب سے مثبت جواب آنے تک صوبہ بھر میں مکمل ہڑتال جاری رہے گی۔