سوات(نامہ نگار)مینگورہ میں سڑکوں کی تعمیر کے نام پر جی ٹی روڈ کا حلیہ بگاڑ دیا گیا،گردوغبار او ردھول کی وجہ سے سانس لینا محال،امراض پھیلنے کا خدشہ،دکانداروں،ٹرانسپورٹروں اور عام لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا،عوام نے حکام سے روڈ پر جلد کام شروع کرنے کا مطالبہ کردیا،تفصیلات کے مطابق مینگورہ شہر کی مصروف ترین شاہراہ جی ٹی روڈکی ازسرنو تعمیر ومرمت کیلئے کئی دن قبل کام کاآغازکردیاگیاجس کے دوران متعلقہ حکام نے سہراب خان چوک کے قریب بڑے رابطہ پل سے لے کر رحیم آباد چوک تک کی سڑک سے تارکول ہٹاکرکام ادھوراچھوڑدیاجس کے سبب اب یہاں سے دھول اورگردوغبار اڑتا نظر آرہاہے جس میں سانس لینا دشوار ہوگیا ہے،مقامی حلقوں کا کہناہے کہ دھول کی وجہ سے یہاں پر موجود دکانداروں،ٹرانسپورٹروں اوردیگر لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے، اس دھول کے سبب گلے،سینے،معدے سمیت دیگر امراض پھیلنے کا بھی خدشہ پیدا ہوگیا ہے،انہوں نے کہاکہ حکام کی لاپرواہی اور غفلت کے سبب گذشتہ کئی دنوں سے اس روڈ پر موجود لوگ سخت اذیت سے دوچار ہیں مگر کسی کو ان کی تکلیف اور پریشانی کا ذرہ بھر احساس نہیں،روڈکی حلیہ ازسرنو تعمیر ومرمت کے بہانے بگاڑدیاگیا ہے جہاں سے خشک موسم دھول اڑرہی ہے اور اگر بارش ہوئی تو یہ روڈ جوہڑ اور تالاب میں تبدیل ہوجائے گی جس سے لوگوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوجائے گا،مقامی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے جی ٹی روڈ جلدازجلد کام شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔