اسلام آباد(آئی این پی ) وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سعودی عرب سی پیک میں تیسرا بڑے پارٹنر کے طور پر شراکت دار بنے گا،سعودی عرب کا اعلیٰ سطح وفدآئندہ ماہ پاکستان آئے گا اور دونوں ممالک کے درمیان اہم معاہدے کئے جائیں گے،کراچی میں پانی کی ترسیل کے مسائل حل کرنے میں یو اے ای کی حکومت پاکستان کے ساتھ تعاون کرے گی جمعرات کو پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ رواں ہفتے حکومت نے فنانس بل پیش کیا اور انتخابات میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات کیلئے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جس کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے سعودی عرب کا اہم دورہ کیا ۔ عمران خان نے سعودی عرب کے تحفظ کیلئے ہرممکن اقدامات کی یقین دہانی کرائی ہے۔ خادم الحرامین کی تجویز پر اعلیٰ سطح کی مشاورتی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کو پاکستان اور سعودی عرب حکومت کو مکمل حمایت ہوگی۔ اکتوبر کے پہلے ہفتے میں سعودی عرب کا اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان آئے گا جس میں سعودی عرب کے وزیر توانائی ، وزیر خزانہ اور دیگر حکام شامل ہونگے۔ سعودی عرب کو سی پیک میں بطور تیسرا فریق شمولیت کی دعوت دی ہے۔ سعودی عرب سی پیک میں تیسرا بڑے پارٹنر کے طور پر شراکت دار بنے گا۔ سی پیک منصوبے میں سعودی عرب بڑی سرمایہ کاری کرے گا۔ گزشتہ چند سال سے پاکستان کے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات میں سرد مہری چلی آرہی تھی۔ وزیر اعظم کے دورے اس سرد مہر ی میں کمی آئی ہے۔ کراچی میں پانی کا بڑا مسئلہ ہے جس کو حل کرنے کیلئے یو اے ای کی حکومت پاکستان کے ساتھ تعاون کرے گی۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان میں شراکت داری میں نئی گرم جوشی پیدا ہوئی ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ریڈیو اور پی ٹی وی کو مالی مسائل کا سامنا ہے ہمیں میڈیا یونیورسٹی بنانے کیلئے پیسے درکار ہیں حکومت بڑی بڑی عمارتوں کا بوجھ برداشت نہیں کرسکتی انہیں عمارتوں سے استفادہ کیا جائے گا۔ ریڈیو کی عمارت بھی بہت بڑی ہے جبکہ آجکل کے دور میں دس مرلے کے گھروں میں ریڈیو سٹیشن لگے ہیں ۔ حکومت نیب میں اصلاحات چاہتی ہیں جس کیلئے وفاقی وزیر قانون کی سربراہی میں ٹاسک فورس قائم کی گئی ہے جو پندرہ روز میں اپنی سفارشات وزیر اعظم کو پیش کریگی