سوات(مارننگ پوسٹ) گجرات میں بہیمانہ تشدد کے بعد قتل ہونے والے مسکین کے قاتلوں کو کیفرکردار تک پہنچانے کے لئے ضلع کی سطح پر بڑااحتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔احتجاج کی تیاری کے لئے کمیٹی تشکیل دی گئی۔ علاقہ عمائدین، نوجوانان اور سول سوسائیٹی کی جانب سے 21اگست کو وادی بحرین میں ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ ہوگا۔ مظاہرے میں سوات کوہستان، دیر کوہستان، انڈس کوہستان،منگورہ اور ضلع بھر سے لوگ شامل ہوں گے۔ یاد رہے کہ اتروڑ کالام کا رہائشی محنت مزدوری کے لئے پنجاب کے شہر گجرات میں مقیم تھا جہاں پر انہیں بدترین تشدد کے بعد قتل کرکے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کی گئی تھی۔ جس کے خلاف سوشل میڈیا ایکٹویسٹس، سماجی کارکنان، انسانی حقوق کے کارکنان اور سول سوسائٹی نے بھرپور آواز اٹھائی گئی اور پنجاب پولیس نے چار ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ اہلیان علاقہ نے ملزمان کو سرعام پھانسی دینے اور مسکین کے قاتلوں کو کیفرکردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں وادی بحرین میں ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ گجرات میں قتل ہونے والے مسکین، اسلام آباد میں قتل ہونے والے میڈیکل کے طالب علم امداد اور دیگر نوجوانوں کے قاتلوں کو فوری طور پر سزا دی جائے۔
سوات، مسکین کے قاتلوں کو کیفرکردار تک پہنچانے کے لئے ضلع سطح پر بڑااحتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا
