سوات(مارننگ پوسٹ)ڈی آئی جی ملاکنڈڈویژن محمد اعجاز خان نے کہاہے کہ ملاکنڈ ڈویژن میں امن کے دشمن سر اٹھانے کی ناکام کوششیں کررہے ہیں لیکن عوام کے تعاون سے انہیں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا،عوام دہشت گردوں اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھیں اور بروقت پولیس کو اطلاع دیں،ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے لئے موثر حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے جائیں گے،سوات کے صحافیوں کا امن کے لئے کردار روزروشن کی طرح عیاں ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ایسوسی ایشن کے چیئرمین شیرین ذادہ،صدر نیاز احمد خان،جنرل سیکرٹری سعید رالرحمن اور دیگر سینئرصحافی فیاض ظفر،سیدشہاب الدین،سلیم اطہر،شوکت علی،عیسیٰ خانخیل بھی موجود تھے جنہوں نے ڈی آئی جی ملاکنڈ ڈویژن محمد اعجاز خان کو سوات میں تعیناتی پر خوش آمدید کہا اور ہرقسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی،ڈی آئی جی ملاکنڈ ڈویژن محمد اعجاز خان نے کہاکہ سوات اورملاکنڈ ڈویژن میں بیش بہاقربانیوں کے بعد امن قائم ہوا ہے اور اس امن کو سبوتاژ کرنے کی کسی ساز ش اور کوشش کوکامیاب نہیں ہونے دیاجائے گا انہوں نے کہاکہ امن کے دشمن مذموم عزائم کی کوششیں کررہے ہیں لیکن ان کے عزائم کو عوام کے تعاون سے خاک میں ملادیا جائے گا انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ دیر پاامن کی بحالی میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔