خیبر پختونخوا کی سرکاری جامعات میں مالی بحران سنگین صورتحال اختیار کر گیا صوبائی حکومت نے مالی بحران پر قابو پانے کیلئے 30سرکاری جامعات میں تاحکم ثانی بھرتیوں پر پابندی عائد کر دی ہے تاہم ایسی تمام بھرتیاں جن کیلئے سلیکشن بورڈز منعقدہو چکے ہیں ان کی تقرری کی جا سکے گی۔ محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبر پختونخوا کی جانب سے تمام جامعات کے سربراہوں کو ارسال کئے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ صوبے کی سرکاری جامعات اس وقت مالی بحران کا شکار ہیں اور اسی مالی بحران کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ان جامعات میں بھرتیوں پر پابندی عائد کر دی جائے جس کے تحت جامعات اگلے حکم تک بھرتی نہیں کر سکیں گی تاہم یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ ایسی آسامیاں جن کیلئے سلیکشن بورڈز منعقد ہو چکے ہیں اور بورڈز نے اپنی سفارشات بھی ارسال کر دی ہیں ان پر پابندی کا اطلاق نہیں ہو گا اس طرح شدید ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے اگر جامعہ کو بھرتی لازمی کرنی ہوئی تو اس کیلئے محکمہ اعلیٰ تعلیم سے خصوصی اجازت طلب کرنا ہوگی۔ واضح رہے کہ صوبے کی سرکاری جامعات شدید مالی بحران کا شکار ہیں اور اپنے اخراجات بھی پورے نہیں کرپارہی ہیں۔