پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما امیر مقام کی کنسٹرکشن کمپنی کیخلاف ایف آئی اے کی سفارشات کو معطل کر کے این ایچ اے کو امیر مقام کی کمپنی کے خلاف ہر قسم کی کارروائی سے روک دیا ہے، کیس کی سماعت پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس روح الامین اور جسٹس محمد نعیم انور پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی، درخواست گزار امیر مقام کے وکیل بیرسٹر مدثر امیر نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل امیرمقام کی کنسٹرکشن کمپنی ہے اور ایف آئی اے نے انکی کمپنی کو بلیک لسٹ کرنے سمیت مختلف اقدامات کرنے کی سفارشات این ایچ اے کو بھجوائی ہیں، انہوں نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے اور مخالف سیاسی جماعت سے تعلق ہونے کی وجہ سے انکے خلاف انتقامی کارروائی کی جا رہی ہے اور اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ۔عدالت نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد ایف آئی اے کے سفارشات کو معطل کردیا، عدالت نے این ایچ اے کو امیر مقام کی کمپنی کے خلاف کارروائی سے روکنے کے احکامات جاری کر دیئے۔
محکمہ این ایچ اے کو امیر مقام کمپنی کیخلاف کارروائی سے روک دیا گیا
