سوات (مارننگ پوسٹ) سوات کے سیکڑوں کاشتکاروں نے اپنی زمینوں کو بندوبست کے وقت محکمہ جنگلات میں شامل کرنے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے کمشنر دفتر سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی جس سے خطاب کرتے ہوئے مقامی کاشتکار کمیٹی کے صدر رحیم شاہ یوسف زئی، جنرل سیکرٹری ماسٹر خان زمان اور دیگر نے کہا کہ وہ پہاڑی علاقوں میں آباو اجداد کے وقت سے آباد ہیں اور اپنی زر خرید زمینوں میں کھیتی باڑی کرتے ہیں۔ مویشی پالتے ہیں لیکن 1980ء سے86ء تک بندوبست کے وقت محکمہ مال نے ہماری ہزاروں ایکٹر زمین کو محکمہ فارسٹ کے کھاتے میں ڈال دیا اور ناخواندگی کی وجہ سے ہمیں علم نہ ہوا۔ اب جب محکمہ فارسٹ کے اہلکار نشانات لگا رہے تھے، تو ہمیں معلوم ہوا۔ انہوں نے صوبائی حکومت سے اپیل کی کہ وہ اس بارے میں تحقیقات کریں اور ایک کمیشن بنائی جائے، تاکہ اصل حقیقت سامنے آسکے۔ ورنہ پہاڑ ی علاقوں میں رہنے والے یہ ہزاروں خاندان کہا جائیں گے اور کیا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہماری زمینوں پر زبردستی قبضہ کی کوشش کی گئی، تو ہم بھر پور مزاحمت اور احتجاج کریں گے۔