نئی دہلی(این این آئی) پاکستان کو پْر امن رہنے اور مذاکرات کا درس دینے والا امریکا، جنگی تیاریوں میں بھارت کی بھرپور مدد کرنے میں مصروف ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق امریکی کمپنی بوئنگ نے 8 عدد جدید ترین اپاچی اٹیک ہیلی کاپٹرز آج بھارتی فضائیہ کے سپرد کردیئے ہیں۔اس حوالے سے ایک تقریب انڈین ایئرفورس بیس پٹھان کوٹ پر منعقد ہوئی جس میں بھارتی حکومت اور فضائیہ کے افسران شریک ہوئے۔ اس موقع پر 2 اپاچی ہیلی کاپٹروں نے اپنی جنگی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا جنہیں ونگ کمانڈر کشتیج اوستھی اور منیش ڈوگرا اْڑا رہے تھے۔واضح رہے کہ مودی سرکار نے اپنے گزشتہ دورِ حکومت میں، ستمبر 2015 کے دوران، امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ سے 22 عدد اپاچی اٹیک ہیلی کاپٹرز خریدنے کا معاہدہ کیا تھا۔ معاہدے کی مجموعی لاگت 110 کروڑ ڈالر (تقریباً 8,000 کروڑ بھارتی روپے) ہے جس کے تحت مذکورہ لڑاکا طیاروں کی پہلی کھیپ بھارتی فضائیہ کے سپرد کی گئی ہے۔مذکورہ اپاچی اٹیک ہیلی کاپٹرز کا ورڑن اے ایچ 64 ای (آئی) ہے جو اس سلسلے کے ہیلی کاپٹروں میں جدید ترین، مہنگا ترین اور سب سے ہلاکت خیز بھی قرار دیا جاتا ہے۔ مزید برآں ”اپاچی” وہی ہیلی کاپٹر بھی ہے جو اسرائیلی فضائیہ نے لبنان اور غزہ کی پٹی میں شہری آبادیوں پر حملوں میں متعدد بار استعمال کیا ہے۔برصغیر میں کشیدہ حالات اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سفاکانہ خلاف ورزیوں کے باوجود بھارتی فضائیہ کو امریکی جنگی ہیلی کاپٹروں کی فراہمی اس بات کا ثبوت ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کو مقبوضہ کشمیر میں رونما ہونے والے انسانی المیے سے کوئی غرض نہیں بلکہ اسے بھارت کا مفاد ہمیشہ کی طرح آج بھی عزیز ہے۔
امریکانے 8اپاچی اٹیک ہیلی کاپٹرز بھارتی فضائیہ کے سپردکردیئے
