دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت نے پاکستان میں گرفتارہونے والے اپنے پائلٹ کی رہائی کامطالبہ کردیا۔بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے انڈیا نے نئی دہلی میں پاکستان کے قائم مقام ہائی کمشنر کو طلب کر کے پاکستان کی جانب سے لائن آف کنٹرول کے پار کارروائی پر احتجاج ریکارڈ کروایا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ انڈیا نے پاکستان سے اپنے اس زخمی پائلٹ کی نمائش پر اعتراض کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ جنیوا کنونشن کی کھلی خلاف ورزی ہے۔بھارتی دفترخارجہ کے مطابق پاکستان سے کہا گیا ہے کہ وہ زیرِ حراست انڈین فوجی کو کوئی نقصان نہ پہنچائے اور وہ اس کی فوری اور محفوظ واپسی کا خواہشمند ہے۔بیان کے مطابق انڈین حکام نے پاکستان کو پلوامہ حملے میں جیشِ محمد کے ملوث اور اس تنظیم کے کیمپ اور قیادت کے پاکستان میں ہونے کے بارے میں معلومات پر مبنی ڈوزیئر فراہم کر دیا ہے۔ انڈیا نے پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے علاقے سے جاری دہشت گردی کے خلاف فوری اور قابلِ تصدیق کارروائیاں کرے۔