ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوانے ایس ایس ٹیز کی بھرتی کے لئے ایف ٹی ایس ٹیسٹنگ ایجنسی کی نگرانی میں ہونے والے تمام ٹیسٹ منسوخ کردیئے ہیں اور مذکورہ ٹیسٹنگ ایجنسی کو 15دنوں میں دوبارہ ٹیسٹ لینے کیلئے انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ گزشتہ روز صوبائی سیکرٹری ابتدائی وثانوی تعلیم خیبر پختونخواکی جانب سے جاری کردہ ایک اعلامیہ کے مطابق خیبر پختونخواکے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں شفاف طریقے سے ایس ایس ٹی اساتذہ کی بھرتی کے لئے ٹیسٹ لینے کی ذمہ داری ایف ٹی ایس ٹیسٹنگ ایجنسی کو دی گئی تھی تاہم اساتذہ کے بھرتی کے لئے ایف ٹی ایس کے نگرانی میں ہونے والے ٹیسٹ میں کئی اضلاع سے بے قاعدگیوں کی شکایات سامنے آئیںجس کا وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوااور صوبائی حکومت نے سخت نوٹس لیا اور اس حوالے سے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو انکوائری کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اعلامیہ کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکے احکامات کی روشنی میں اساتذہ کی بھرتی کیلئے ایف ٹی ایس ادارے کی نگرانی میں ہونے والے تمام ٹیسٹ منسوخ کردیئے گئے ہیں اور مذکورہ ٹیسٹنگ ایجنسی کو 15دنوں میں دوبارہ ٹیسٹ لینے کے لئے انتظامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے
اساتذہ بھرتی، ایف ٹی ایس ٹیسٹنگ ایجنسی کی نگرانی میں ہونے والے تمام ٹیسٹ منسوخ
