وادئی سوات اپنی فطری خوبصورتی، برف پوش چوٹیوں، میٹھے جھرنوں اور تاحد نگاہ مرغزاروں کی وجہ سے مشہور ہے۔ سوات کی اس خوبصورتی میں اضافہ کرتا ایک سیاحتی مقام ’’گبینہ جبہ‘‘ (یا گبین جبہ) بھی ہے، جہاں بیان شدہ خصوصیات بطورِ خاص پائی جاتی ہیں۔
گبینہ کے معنی ہیں ’’میٹھا‘‘ اور جبہ ’’چشمہ‘‘ کو کہا جاتا ہے۔ یہاں آتے ہی گبینہ جبہ کے میٹھے چشمے آپ کا استقبال کریں گے۔ سطحِ سمندر سے نو ہزار دو سو پچاس فٹ بلندی پر واقع گبینہ جبہ اپنی خوبصورتی کی وجہ سے بہت مشہور ہے
سوات کی تحصیل مٹہ سے میں واقع خوبصورت وادی ’’ گبینہ جبہ‘‘ اپنے ہرے بھرے مرغزاروں، گھنے جنگلات اور بلند بالا پہاڑوں کی وجہ سے شہرت کی حامل ہے۔




پہاڑی سلسلہ، الپائن اور گلیشئیر

گبینہ جبہ کے چاروں اطراف برف پوش پہاڑوں کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ ہے۔ یہ پہاڑ سطح سمندر سے سولہ ہزار فٹ بلندی پر واقع ہیں، جنہیں الپائن بھی کہتے ہیں جبکہ ان پہاڑوں میں سوات کے گلیشئر بھی ہے۔ پہاڑوں کا یہ سلسلہ کوہ ہندوکش سے جا ملا ہے جبکہ درال، سیدگئی اور ضلع دیر سے بھی یہ پہاڑ ملے ہوئے ہیں۔

مقامی سواری

گبینہ جبہ جانے کے لئے فور وہیل گاڑی کا انتظام کیا جاتا ہے تاہم شاہراہ کی خستہ حالی کے باعث اب یا تو پیدل جانا پڑے گا یا وہاں پر موجود خچروں اور گھوڑوں کے ذریعے۔ مقامی لوگ آنے والے سیاحوں کو خچروں اور گھوڑوں کے ذریعے گبینہ جبہ لے جاتے ہیں، جس سے یہاں کے لوگوں کو مالی فائدہ پہنچتا ہے۔

گبینہ جبہ کے نظاروں کو دیکھ کر ساری تھکن اُتر جاتی ہے۔ سرسبز گھاس سے بھرے میدان خوبصورتی میں اپنی مثال آپ ہیں۔ مرغزاروں میں بڑی بڑی چراہگاہیں ہیں جہاں چرنے والی بھیڑ بکریاں ماحول کا لطف دوبالا کرتی ہیں۔ رہی سہی کسر مہکتی فضائیں، سایہ دار درخت اورچشموں کا میٹھا پانی پوری کردیتا ہے۔
سامنے سرسبز میدان ہوں، میدان میں مختلف چھوٹی نالیوں کی شکل میں ٹھنڈا میٹھا پانی دوڑتا ہو، پانی کے کناروں پر جابجا مال مویشی چر رہے ہوں، اردگرد کے لمبے لمبے درختوں سے ڈھکا ہوا جنگل ہو اور اس کے اوپر برف پوش چوٹیاں ہوں، نیلے آسمان پر بادلوں کے ٹکڑے رقص کر رہے ہوں اور سورج مصفا شعاعیں زمین پر بھیج رہا ہو، تو یقینی طور آپ ’’گبینہ جبہ‘‘ میں ہیں۔

سیاحوں کی آمد

اس علاقے کی خوبصورتی دیکھنے اور سکون کے چند لمحے گزارنے سیاح معقول تعداد میں یہاں آتے ہے اور یہاں پر خیمے لگا کر قدرتی نظاروں اور ٹھنڈی ہواؤں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ پشاور سے آئے ہوئے سیاح اکبر علی کے مطابق گبینہ جبہ دنیا کی خوبصورت وادی ہے۔


ہرے بھرے مرغزار اور یخ بستہ موسم

گبینہ جبہ میں حد نگاہ خوبصورت مرغزار موجود ہے جبکہ یہاں کی ٹھنڈی ہوائیں مسحور کن احساس دلاتی ہیں۔ اس علاقے کے بارے میں زیادہ تر لوگ نہیں جانتے جبکہ یہ خوبصورت وادی سوات کی حسین وادیوں میں شمار ہوتی ہے۔

یہاں جا بجا چاقو، چھری یا اس قبیل کے دیگر آلات سے زمینوں اور درختوں پر لوگ اپنے نام درج کرتے ہیں، جو کہ بڑی گھٹیا حرکت ہے۔ انتظامیہ کی طرف سے صفائی کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔ البتہ اگر سیاح بھی علاقہ کی صفائی کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنا گند واپس اپنے ساتھ لائیں، تو اس سے بہتر بات اور کیا ہوسکتی ہے؟



جنگل اور قیمتی لکڑی

گبینہ جبہ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں کثیر مقدار میں جنگلات ہیں، جنہیں سوات کے گھنے جنگلات میں شمار کیا جاتا ہے۔ شاہ وزیر خان کے مطابق ان جنگلات میں سوات کی قیمتی لکڑی دیودار، منگزئی، اچر، کچر، پیوچ اور کانڑ کے درختوں کی ایک بڑی تعداد شامل ہے۔

#Explorepakistan #GabinJabba #GOKP #Mountains #Nature #Naturelovers#pakistan #SwatValley #tourism #Travelpakistan #Visitkp