سوات (مارننگ پوسٹ )انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر محمد نعیم خان کا دورہ سوات ،دورے کے دوران انسپکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر محمد نعیم خان نے مالاکنڈ ریجن کے پولیس حکام کیساتھ اجلاس کی صدارت کی۔ نیز جنرل آفیسر کمانڈنگ سوات ہیڈکوارٹرز میں فوجی حکام سے بھی ملاقات کی۔انسپکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر محمد نعیم خان کا سوات پہنچنے پر مالاکنڈ کے ڈی آئی جی اور دیگر افسران نے پرتپاک استقبال کیا۔ اپنے ایک روزہ دورے کے دوران انسپکٹر جنرل پولیس نے مالاکنڈ فورٹ میں جنرل آفیسر کمانڈنگ کے ھمراہ باہمی مشاورت کے اجلاس میں بھی شرکت کی۔ اس اجلاس میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے افسران کے علاؤہ پولیس حکام بھی شامل تھے۔ تبادلہ خیال کے دوران ریجن کی موجودہ صورتحال اور دہشت گردی کے درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کی حکمت عملی کی منظوری بھی دی گئی۔بعد میں آئی جی پی نے پولیس کے اعلی حکام کے ساتھ ایک اور سیکورٹی جائزہ کانفرنس میں علاقہ میں امن و امان سے متعلق امور پر تفصیلی بریفنگ لی۔آئی جی پی ڈاکٹر محمد نعیم خان نے ریجنل پولیس آفیسر اعجاز خان کو مالاکنڈ ریجن میں افرادی قوت اور تکنیکی آلات کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے سپیشل سیکورٹی پیکج کی تیاری کا بھی کہا جو کہ جلد وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کو منظوری کے لئے بھجوایا جائیگا۔