سوات(مارننگ پوسٹ) عوامی نیشنل پارٹی صوبہ خیبر پختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے صوبائی حقوق کے حصول کیلئے آخری حد تک جانے کا اعلان کرتے ہوئے پی ٹی آئی حکومت کو ناکام ترین اور پختون دشمن قرار دیا ہے، ایکشن ان ایڈ آف سول پاور آرڈی نینس کسی بھی صورت تسلیم نہیں کریں گے، ریاست مدینہ کی باتیں کرنے والوں نے ہمیں دیوار کیساتھ لگا دیا ہے، ڈرامہ باز حکومت روز روز کوئی نیا ڈرامہ رچانے میں مصروف ہے سلیکٹڈ وزیراعظم نے اپنے پہلے دورہ امریکہ میں کشمیر کا سودا کیا اور اب وہ پاکستان کا سودا کر رہے ہیں وہ ڈھیرئ میں رحمت علی خان کے حجرے میں پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ان کے ساتھ عوامی نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر ایوب خان، جنرل سیکرٹری شاہی دوران خان،صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری شیر شاہ خان،خان نواب، رحمت علی خان، ضلعی ترجمان عبدالصبور خان،اکرام خان اور دیگر بھی موجود تھے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا کہ وزیراعظم کا دورہ امریکہ اور ملکی خارجہ پالیسی کے حوالے سے ان کیمرہ نشست کی ضرورت ہے، موجودہ حکومت بلدیاتی الیکشن کرانے سے گریزاں ہے کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ اگر بلدیاتی الیکشن ہوا تو اس میں ان کو شکست ہو گی انہوں نے کہا کہ حکومت نے جس بلدیاتی سسٹم کو متعارف کیا ہے ہم وہ نہیں مانتے کیونکہ جس بلدیاتی سسٹم میں ضلعی حکومت نہیں ہو گی وہ کس طرح کامیاب ہو سکتا ہے انہوں نے کہا کہ اس بلدیاتی سسٹم کے خلاف عدالت سے رجوع کریں گے اس کے ساتھ ہم جلد بلدیاتی الیکشن کا مطالبہ بھی کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد نہیں ہو رہا ہے اور ہم واضح طور پر یہ اعلان کرتے ہیں کہ ایکشن ان ایڈ آف سول پاور آرڈی نینس کو تسلیم نہیں کریں گے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کھل کر کہا کہ وفاقی حکومت صوبہ خیبرپختونخوا کو بجلی رائلٹی کے پیسے نہیں دے سکتی جس پر صوبائی حکومت نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے انہوں نے اعلان کیا کہ ہم صوبے کے حقوق کے حصول کیلئے مزاحمتی تحریک چلائیں گے اور کسی کو صوبہ خیبر پختونخوا کے حقوق غصب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے انہوں نے کہا کہ گزشتہ چھ سالوں کی پی ٹی آئی حکومت میں یہ واویلا کیا جا رہا تھا کہ وفاق ہمیں بجلی کی رائلٹی نہیں دے رہا اس وقت وفاق میں ن لیگ کی حکومت تھی اب جبکہ وفاق اور صوبے میں پی ٹی آئی حکومت ہے اور وزیراعظم کھل کر کہہ رہے ہیں کہ پختونخوا کو بجلی کی رائلٹی نہیں دے سکتے جو پختونوں کے خلاف ایک وزیراعظم کا کھل کر آنا ہے انہوں نے کہا کہ میرا دورہ سوات ہر لحاظ سے کامیاب رہا کارکنوں اور علاقے کے عوام نے بہت عزت وا حترام دیا ہے۔
اے این پی پارٹی صدر ایمل ولی خان نے صوبائی حقوق کے حصول کیلئے آخری حد تک جانے کا اعلان کردیا
