سوات (مارننگ پوسٹ) ملکہ الزبتھ دوم نے 1961ء میں سوات کا سہ روزہ دورہ کیا تھا۔ اپنے دورے کے دوران میں انہوں نے کراچی سے بذریعہ سڑک لاہور، لنڈی کوتل کا دورہ کیا۔ ملکہ کی خواہش پر انہوں نے سوات کا سہ روزہ دورہ کیا۔ سوات جاتے وقت انہوں نے مردان میں کچھ دیر کے لیے قیام بھی کیا تھا۔ سوات میں ملکہ کے استقبال کے لئے لنڈاکے سے مرغزار تک علاقے کو رنگا رنگ جھنڈیوں سے سجایا گیا تھا۔ اس موقع پر والئی سوات نے مہمانوں کے لئے نیا کمرہ تعمیر کیا تھا۔ سوات پہنچنے کے بعد لنڈاکے سے سیدو شریف تک سڑک کے دونوں جانب اہلِ سوات نے ہاتھ میں سوات اور برطانیہ کی جھنڈیاں لے کر ان کا شان دار استقبال کیا۔ سہ روزہ دورے کے دوران میں انہوں نے سفید محل مرغزار کا بھی دورہ کیا جس میں ملکہ الزبتھ کے لئے خصوصی کمرہ تیار کیا گیا تھا۔ سابق صدر ایوب خان کے پوتے اور والیِ سوات کے نواسے شہزادہ شہر یار امیر زیب نے باخبر سوات ڈاٹ کام سے بات چیت کرتے ہوئے دورے کے بارے میں کہا کہ اس موقع پر ملکہ نے مرغزار، میاندم اور قریبی علاقوں کا بھی دورہ کیا تھا۔ انہوں نے تحصیل کبل کے علاقہ سویگلئی میں پرندوں کا شکار بھی کیا تھا۔حاجی عبدلواحد جو اس وقت میں والئی سوات کے حویلی میں کام کرتے تھے، نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ برطانیہ کے شاہی خاندان اور ان کے ملازمین کے لئے شاہی حویلی میں بہتر انتظامات کئے گئے تھے۔ جب شاہی جوڑا واپس جارہا تھا، تو اس وقت انہوں نے سوات اور لوگوں کی مہمان نوازی کی تعریف کی تھی۔ واپسی پر والئی سوات نے لنڈاکے کے مقام پر ان کو رخصت کیا۔ واپسی کے موقع پر بھی ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔
ملکہ الزبتھ دوم 1961 میں سوات کا دورہ، لنڈاکے سے مرغزار تک علاقے کو رنگا رنگ جھنڈیوں سے سجایا گیا
