بچوں کی پیدائش میں وقفہ کیلئے سندھ میں آزمائشی منصوبے کے مثبت نتائج کی روشنی میں خیبر پختونخوا میں بھی آبادی پر کنٹرول کیلئے خاندانی منصوبہ بندی کا جدید طریقہ متعارف کرادیا گیا ہے اس حوالے سے چارسدہ میں منصوبہ شروع کردیا گیا ہے جسمیں خاندانی منصوبہ بندی کے خواہشمند وں کو سہولت اور مشورے دیئے جائیں گے، محکمہ پاپولیشن کے ذرائع نے بتایا کہ دنیا میں آبادی پر کنٹرول کیلئے شہری بچوں کی پیدائش میں وقفہ کیلئے محفوظ اسقاط حمل کے مختلف طریقوں پر عمل کررہے ہیں تاہم جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اس میں ایک انجکشن بھی متعارف کرادیا گیا ہے جس کے بہت حوصلہ افزاء نتائج سامنے آئے ہیں اور خاندانی منصوبہ بندی کے خواہشمند جوڑوں نے بھی مثبت رائے دی ہے ذرائع نے بتایا کہ باقاعدہ سروے کی بنیاد پر پاکستان میں گاوی ویکسین الائنس اور پبلک ہیلتھ پاکستان کے اشتراک سے صوبہ سندھ میں اس منصوبے کا آزمائشی بنیادوں پر افتتاح کیا گیا تھا جہاں پر یہ کامیاب رہا ہے اس تناظر میں خیبر پختونخوا میں بھی سیانا انجکشن متعارف کرانے کیلئے چارسدہ میں افتتاح کردیا گیا ہے ابتدائی طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں پاپولیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے سہولت فراہم کردی گئی ہے بعدا زاں دیگر اضلاع میں بھی خواہشمند جوڑوں کو بچے کی پیدائش میں وقفے کیلئے سہولت دی جائیگی۔