اسلام آباد/لاہور ( این این آئی) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کے پیش نظر سرکاری اداروں میں بھرتیوں پر پابندی عائد کردی جبکہ یکم اپریل کے بعد منظور ہونے والی ترقیاتی اسکیموں پر عملدرآمد بھی روکنے کا حکم دیدیا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وفاقی، صوبائی اور مقامی حکومتوں کے اداروں میں بھرتیوں پرپابندی ہوگی جس کا اطلاق یکم اپریل 2018ء سے ہوگا۔فیصلے کا اطلاق وفاقی اور صوبائی پبلک سروس کمیشن کے تحت ہونے والی بھرتیوں پرنہیں ہوگا۔الیکشن کمیشن نے یکم اپریل کے بعد سے منظور ترقیاتی اسکیوں پر عملدرآمد بھی روکنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے سے جاری ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز کسی دوسری مد میں منتقل نہ کئے جائیں۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی پابندی سے متعلق وزارتوں اور محکموں کوآگاہ کردیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حکم نامہ آئندہ انتخابات کو شفاف اور آزادانہ بنانے کے لئے جاری کیا گیا ہے۔خیال رہے کہ رواں مہینے کے آغاز میں الیکشن کمیشن کی جانب سے عوامی پیسے سے مکمل ہونے والے منصوبوں پر عوامی نمائندوں کے ناموں پر مشتمل تشہیری تختیاں لگانے پر بھی پابندی عائد کی گئی تھی۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے حکم نامے کے مطابق کسی بھی سکول، ہسپتال، سڑک، ٹیوب ویل یا کوئی بھی ترقیاتی سکیم پر سیاستدانوں کے نام کی تختیاں نہیں لگیں گی۔الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ یکم مارچ 2018 سے اب تک جن بھی سکیموں پر سیاستدانوں کی تختیاں لگ چکی ہیں وہ فوری طور پر ہٹائی جائیں اور مستقبل میں بھی نہ لگنے دی جائیں۔