سوات (مارننگ پوسٹ)امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ تبلیغی جماعت پر ٹرین حادثے کی ایف آئی آر درج کرنا شرمناک ہے۔ موجودہ حکومت کے ایک سالہ دور حکومت میں تمام فیکٹریاں اور کارخانے تو بند ہوگئے ہیں البتہ ایوان صدر کی آرڈیننس فیکٹری خوب چل رہی ہے۔ حکومت پارلیمنٹ کے ذریعے قانون سازی کی بجائے آرڈیننسز کے ذریعے حکومت چلا رہی ہے اور 12 ماہ میں 14 آرڈیننس جاری کرچکی ہے۔ حکومت نے آرڈیننسز کے ذریعے نظام چلانا ہے تو پارلیمنٹ کو تالے لگادیں۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ہر ماہ اضافہ غریب عوام کے اوپر شدید مالی بوجھ کا باعث بنتا ہے۔ ضروریات زندگی اور اشیاء خوردونوش کی قیمتیں حکومت کے قابو میں نہیں ہیں۔ یہ خراب طرز حکمرانی کی مثال ہے۔ ملک میں کہیں بھی حکومتی رٹ کہیں نظر نہیں آرہی۔ آئی ایم ایف کی ناقص اور خراب معاشی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کی معیشت ڈوب رہی ہے۔ کشمیر فروش حکمرانوں نے 80 لاکھ کشمیریوں کو ہندوستان کی ریاستی دہشت گردی کے حوالے کردیا ہے۔ حکومت اپنی نااہلی اور ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے مستعفی ہوجائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکزالاسلامی سنگوٹہ سوات میں جماعت اسلامی سوات کے زونل امراء کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے جماعت اسلامی ضلع سوات کے امیر محمد امین اورد یگر نے بھی خطاب کیا۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ ریلوے حادثہ پر اعلیٰ عدالتی کمیشن قائم کیا جائے۔حادثہ بد انتظامی کی بدترین مثال ہے۔ حادثہ کی ذمہ داری براہ راست وزیراعظم او ر وزیر ریلوے شیخ رشید پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے افسران نے اپنی نااہلی چھپانے کے لئے حادثے کا تمام تر ملبہ تبلیغی جماعت پر ڈال دیا۔ مسافر شارٹ سرکٹ کو آگ لگنے کی وجہ قرار دے رہے ہیں جبکہ ریلوے انتظامیہ سلنڈر ڈھونڈ رہی ہے۔ 14 ماہ کے دوران 80 سے زائد ریل حادثات پر وزیر ریلوے کو مستعفی ہوجانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام سے تبدیلی لانے کا وعدہ کیا لیکن پھر سے پرانے چہرے مسلط کردیئے۔ تبدیلی کے نام پر عوام کو دھوکہ کیا گیا۔ حکومت نے جن لوگوں وک جیلوں میں ڈالنا اور ان سے لوٹی دولت واپس لینی تھی انہی کو وزیر اور مشیر بنادیا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام پر مزید ظلم و ستم برداشت نہیں کرے گی۔ حکومت کے خلاف جلد تحریک کا اعلان کریں گے اور عوام کو حقوق دلانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
تبلیغی جماعت پر ٹرین حادثے کی ایف آئی آر درج کرنا شرمناک ہے،سینیٹر مشتاق احمد خان
