پشاور:وزیراعلی خیبرپختونخوامحمودخان نے کہاہے کہ وہ پانچ سال وزیراعلی رہیںگے وزیر اعظم عمران خان اس بات کا فیصلہ کرینگے کہ کون خیبر پختونخوا کا وزیر اعلیٰ ہوگا اور کیون نہیں کیونکہ وہ سب عمران خان کے سپاہی ہیں جومیڈیا ان کے خلاف خبریں چلارہاہے اس کے خلاف عدالت بھی جارہے ہیں اوراسے قانونی نوٹس بھی بھیج رہے ہیں کیونکہ وہ جان بوجھ کران کے مابین اختلافات پیداکررہاہے صوبائی اسمبلی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہا کہ وہ بطور وزیر اعلیٰ پانچ سال پورے کرینگے وزیر اعلیٰ سے جب آرمی چیف کی توسیع کے حکم نامے پر عملدرآمد روکنے سے متعلق سپریم کورٹ کے حکم کے بارے میں سوال کیاگیاتوجواب میں وزیراعلی "نو کمنٹس”کہہ کرچلے گئے۔علاوہ ازیںوزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں سبکدوش ہونے والے ایرانی قونصل جنرل محمد باقر بیگی نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں دوطرفہ تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ تجارتی اعتبار سے صوبہ اور خصوصی طور پر پشاور تجارتی مرکز بننے جار ہا ہے ۔ خیبرپختونخوا کے شعبہ ہائیڈل پاور اور مائینز اینڈ منرلز میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے ۔ ہماری خواہش ہے کہ مذکورہ شعبہ جات میں بیرونی سرمایہ کاری ممکن ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے مائینز اینڈ منرلز کے شعبے میں حالیہ قانونی اصلاحات کے ذریعے بیرونی سامایہ کارآسانی سے صوبے میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔ سنٹرل ایشیاء اور پڑوسی ممالک سے دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کے لئے طورخم بارڈر کو پہلے سے ہی 24/7 گھنٹے کے لئے کھول دیاہے ۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی ہے کہ ایران بھی صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے عملی اقدامات اٹھائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے ایران اور صوبہ خیبرپختونخوا اپنی اپنی ٹیم بنانے کے لئے طریقہ کار وضع کریں گے ۔ اس موقع پر قونصل جنرل محمد باقر بیگی نے بتایا کہ ایران صوبہ خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے لئے خواہشمند ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ایران خصوصی طور پر بینکنگ شعبہ ، بارٹر ٹریڈ اور اس جیسے دوسرے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے لئے اقدامات کریگا۔قونصل جنرل نے بتایا کہ ایران کی خواہش ہے کہ خیبرپختونخوا کے ساتھ بارڈر مارکیٹس کو فروغ دی جاسکے ، جس کے لئے پہلے سے ہی 9مقامات کی نشاندہی کی ہے ، جس کے قیام سے دوطرفہ تجارت کو کافی فروغ ملے گا۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ محمود خان اور ایرانی قونصل جنرل محمد باقر بیگی کے درمیان شیلڈز اور تحائف کا تبادلہ بھی ہوا۔