ویب ڈیسک: صدرمملکت کے دستخط کے بعد 26ویں آئینی ترمیم کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ اور قومی اسمبلی سے منظوری ہونے کے بعد صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی 26ویں آئینی ترمیم پر دستخط کر دیئے، اس کے ساتھ ہی 26 ویں آئینی ترمیم باضابطہ آئین کا حصہ بن گئی۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 26ویں آئینی ترمیم کی دونوں ایوانوں سینیٹ اور قومی اسمبلی سے منظور ہونے کے بعد اس کی توثیق کیلئے آئینی ترمیم کا مسودہ صدر مملکت کو بھیجا تھا۔
ذرائع کے مطابق دونوں ایوانوں سے ترمیم منظور ہونے کے بعد وزیراعظم نے آئینی ترمیم کی توثیق کیلئے صدر پاکستان کو بھیجی جانے والی ایڈوائس پر دستخط کئے، جبکہ صدرمملکت کے دستخط کے بعد 26ویں آئینی ترمیم کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
26ویں آئینی ترمیم کا گزٹ نوٹیفکیشن قومی اسمبلی کی جانب سے جاری کیا گیا جس کے بعد 26 ویں آئینی ترمیمی بل 2024 ایکٹ آف پارلیمنٹ بن گیا، اور اس کے ساتھ ہی گزٹ نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد 26 ویں آئینی ترمیم لاگو ہوگئی۔
26 ویں آئینی ترمیم سینیٹ اور قومی اسمبلی سے دو تہائی اکثریت سے منظور ہو چکی ہے، قومی اسمبلی میں ترمیم کے حق میں 225 اراکین نے اور مخالفت میں 12 اراکین نے ووٹ دیئے۔ ترمیم کی شق وار منظوری کےدوران تحریک انصاف سمیت اپوزیشن کے اراکین نے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔