اسلام آباد(این این آئی)قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ بیرون ممالک کی جیلوں میں 10 ہزار 289 پاکستانی قید ہیں۔ جمعہ کو مولانا عبدالاکبر چترالی کے سوال کے جواب میں ایوان کو تحریری طور پر آگاہ کیا گیا کہ بیرون ممالک جیلوں میں قید پاکستانی قیدیوں کی رہائی کیلئے وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق وزارت خارجہ تمام مشنز میں قونصلر سہولیات بڑھانے کیلئے موثر انداز سے کام کر رہی ہے۔ گزشتہ ایک سال کے دوران سفارتی کوششیں بڑھانے کی وجہ سے پاکستان بیرون ملک قید 4637 پاکستانیوں کو وطن واپس لایا گیا، ان میں سے 1594 قیدیوں کو سعودی عرب’ 53 کو قطر اور 1873 پاکستانیوں کو متحدہ عرب امارات کی جیلوں سے رہائی دلائی گئی۔ وزارت خارجہ کی جانب سے بتایاگیاکہ کیپٹن محمد نصیر خان اور محمد اعجاز نامی دو پاکستانیوں کی نائیجیریا اورآصف گل’ انجم وقاص اور طارق علی نامی تین پاکستانیوں کی کروشیاسے رہائی کی کوششیں جاری ہیں۔پاکستانی سفارتخانہ صرف ان پاکستانیوں کی معاونت کرتا ہے جو پاکستان جانے کے لئے اپنی تحریری رضامندی ظاہر کرے۔