کراچی (آئی این پی )دنیائے فن کا ایک اور بڑا نام مداحوں کو سوگوار کرگیا۔پاکستان کی ڈرامہ انڈسٹری پر چار دہائیوں تک راج کرنے اور ہر کردار میں سمو جانے کی صلاحیت رکھنے والے اداکار عابدعلی انتقال کر گئے ۔ ان کی اہلیہ رابعہ نورین نے ان کے نجی ہسپتال میں انتقال کی تصدیق کردی ہے۔عابد علی کی بیٹی اداکارہ راحمہ علی نے انسٹا گرام پر اپنے والد کا ہاتھ تھامے تصویر شیئر کی ہے اور ساتھ میں یہ تحریر کیا ہے کہ میرے ہاتھوں میں میرے باپ نے اپنی آخری سانسیں لیں،مجھے افسوس ہے کہ میں اس وقت کال ریسیو نہیں کرسکتی، میڈیا کے لئے تصدیق کرتی ہوں کہ ہاں وہ چلے گئے ہیں۔عابد علی کو یرقان کی شکایت پر ہسپتال لایا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں جگر کے کینسر کی تشخیص کی، جس کے بعد وہ لاہور اور پھر کراچی میں زیر علاج رہے۔عابد علی کی تین بیٹیاں ہیں جن میں بڑی بیٹی ایمان علی اداکارہ اور ماڈل جبکہ دوسری راہمہ علی بھی اداکارہ ہیں۔ گزشتہ دنوں راحمہ علی نے والد کے ساتھ انسٹاگرام سٹوری میں لکھا تھا کہ پاپا گزشتہ دو ماہ سے شدید بیمار ہیں۔ تمام تر علاج اور ادویات بروکار لائی گئی ہیں، تسبیح اور سورہ رحمان کا ورد بھی کیا گیا لیکن ڈاکٹروں نے اب حتمی رائے دے دی ہے کہ وہ ان کی زندگی بچانے کے لیے کچھ بھی نہیں کرسکتے۔اداکار عابد علی 80 اور 90 کی دہائی سے کئی مقبول ڈراموں میں کام کرچکے ہیں جن میں وارث،پیاس،دوریاں، دشت، مہندی، دیار دل اور دیگر شامل ہیں۔عابد علی کی پیدائش کوئٹہ میں ہوئی تھی۔ سکول کے دنوں میں ان کی توجہ تحریر اور مصوری کی طرف رہی تاہم 1969 میں کالج کے دنوں میں انہوں نے ریڈیو پر اپنی کرشماتی آواز کے سحر سے سب کو متاثر کردیا۔ 1973 میں وہ لاہور چلے گئے جہاں پاکستان ٹیلی ویژن پر اپنی قسمت آزمانے کی کوشش کی اور بالآخر وہ اس میں کامیاب ہوگئے اور وارث جیسے سپر ہٹ ڈرامے میں انہیں کردار بھی ملا۔انھوں نے اداکارہ حمیرہ علی سے شادی کی جو متعدد ڈارموں میں کام کرچکی ہیں۔ ان کی تین بیٹیاں ہیں جن کے نام ایمان علی، مریم علی اور راحمہ علی ہیں۔ عابد علی نے حمیرہ علی سے علیحدگی کے بعد اداکارہ رابعہ نورین سے شادی کرلی تھی
پاکستان کی ڈرامہ انڈسٹری پر چار دہائیوں تک راج کرنے والے اداکار عابدعلی انتقال کر گئے
