سوات(مارننگ پوسٹ) تحصیل کبل،مٹہ سوات میں عطائیوں کے خلاف خیبر پختونخواء ہیلتھ کیئر کمیشن ٹیم کا آپریشن کلین اپ، عطائیوں کے متعدد کلینکل لیبارٹریاں اور صحت مراکز سیل، غیر رجسٹرڈ صحت خدمات فراہمی کے اداروں کو نوٹس جاری۔ علاقے میں سرگرم عمل درجنوں عطائی ٹیم آمد کی اطلاع پر اپنے نام نہاد صحت مراکز کو تالے لگاکر نودو گیارہ ہوگئے تفصیلات کے مطابق سوات کے تحصیل کبل،مٹہ میں عطائیت کا مکروہ دھندہ کرنے والے عطائیوں کے خلاف خیبر پختونخواء ہیلتھ کیئر کمیشن ایکٹ2015 کی روشنی میں خیبر پختونخواء ہیلتھ کیئر کمیشن کے ٹیم نے انسپکٹر فیض علی خان کی قیادت میں ہزارہ،ڈاگے،کوٹلئی اورتحصیل کبل و مٹہ کے دوسرے علاقوں میں موجود نجی صحت مراکز کا اچانک معاینہ کیا، معائینے کے دوران متعددغیر متعلقہ و نان کوالیفائیڈ افراد جاوید،ظفر حیات ودیگر کو غیر صحت مند ماحول میں مریضوں کو انجکشن لگانے انہیں مختلف بیماریوں کا علاج تجویز کرنے کے عمل میں مصروف پایا گیا جس پر پختونخواء ہیلتھ کیئر کمیشن کے ٹیم نے فوری کاروائی کرتے ہوئے جاوید ہیلتھ کلینک،ظفر میڈیکل سٹور،الہی ڈیجٹل ایکسرے اور دیگر صحت خدمات فراہمی کے نام پر لاچار مریضوں کے جان و مال سے کھیلنے میں ملوث مراکز کوبند کرکے سر بمہر کر کے بند کردیا ہے۔معائینے کے دوران نیشنل کلینکل لیبارٹری، ڈاکٹر شوکت علی جی پیکلینک،ڈاکٹر انعام اللہ خان جی پی کلینک، فرزانہ سلطانہ میٹرنٹی ہوم، عثمان ہیلتھ کلینک،ماڈرن کلینکل لیبارٹری،یاسین میڈیکل سینٹر،ڈاکٹر عائشہ کلینک ودیگرکو تجدید اور رجسٹریشن کیلئے نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ ہیلتھ کیئر کمیشن ٹیم آمد کی اطلاع ملتے ہی متعدد عطائی اپنی کلینکس بند کرکے رفو چکر ہوگئے۔ عوامی حلقوں نے عطائیوں کے خلاف جاری آپریشن کو سہراتے ہوئے اس میں مذید تیزی لانے کا مطالبہ کیا ہے۔