سوات(مارننگ پوسٹ)سوات میں برف باری اور بارش کیوجہ سے سردی کی شدت میں ا ضافہ کیساتھ مینگورہ شہر میں کھانے پینے کی گرم اشیاء سمیت سوپ کی مانگ میں اضافہ ہوگیا اور لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے سوپ کی دکانوں کا رخ کرلیا جہاں روزانہ رات دیر تک رش لگا رہتا ہے۔ سوات میں بڑے بڑے ریسٹورنٹس کے علاوہ شہر کے بازاروں اور گلی محلوں میں بھی سوپ کی دکانیں کافی تعداد میں کھل چکی ہیں جو دکاندار موسم سرما میں جوس اور آئس کریم فروخت کرتے ہیں وہ مو سم سرما میں سوپ فروخت کرنا شروع کر دیتے ہیں ،اس کےعلاوہ بیشتر علاقوں میں ریڑھیوں پر سوپ فروخت کیا جاتا ہے۔ پچھلے سال بڑے ہوٹلوں میں میں فروخت ہونیوالے سوپ کے پیالے کی قیمت امسال زیادہ ہو گئی ہے جبکہ گلی محلوں میں 30روپے میں فروخت ہونیوالے سوپ کے پیالے کی بھی قیمت بڑھ گئی ہے۔مینگورہ شہر میں پچھلے پچیس سال سے کاروبار کرنیوالے عبدالصبور کا کہنا ہے جب اس نے یہ کاروبار شروع کیا تو اس وقت سوات میں سوپ کی دکانیں نہ ہونے کے برابرتھیں اور سوپ مقامی لو گوں کیلئے نئی چیز تھی لیکن وقت کیساتھ ساتھ یہ لوگوں میں مقبول ہونے لگا اور اسکی مانگ میں بھی اضافہ ہونے لگا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ تو اب اسکے مستقل گاہک بن چکے ہیں اور وہ روزانہ کی بنیاد پر یہاں سے سوپ پیتے اور گھر لے کے جاتے ہیں۔