سوات ۔۔۔ مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر انجینئرا میر مقام نے کہا ہے کہ قیام امن کیلئے قربانیاں دینے والے ہمارے قومی ہیروز ہیں ہمارے کل کیلئے اپنا آج قربان کرنے والوں نے تاریخ رقم کی ہے ، لیگی رہنما فیروز شاہ خان ایڈوکیٹ امن کے داعی اور محب وطن پاکستانی تھے۔

انہوں نے کہا کہ فیروز شاہ خان نے حق و صداقت کا ساتھ دیکر فیروز شاہ خان نے قربانیوں کا تسلسل جاری رکھا ، ملزمان کی عدم گرفتاری پر تشویش ہے واقعہ میں ملوث لوگوں کو کیفر کردار تک پہنچانا ہر محب وطن کا مطالبہ بن گیا ہے اُن کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے ناکامی کی صورت میں نقصان صرف ان کے خاندان کا نہیں بلکہ پورے سوات اور ملک کا ہو گا۔

سنگوٹہ سوات میں فیروز شاہ خان ایڈوکیٹ کی یاد میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے فیروز شاہ خان کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرنے اور قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان و مال کے حفاظت کیلئے ریاست کو اپنی ذمہ داری پوری کرنے ہو گی بصورت دیگر لوگوں کا ریاست اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر سے اعتماد اُٹھ جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے لیکن فیروز شاہ خان جیسے محب وطن شخصیات کا قتل ریاست اور اداروں کیلئے لمحہ فکریہ ہے ۔

اس موقع پرقیموس خان ، سابق ضلع ناظم سوات محمد علی شاہ ، قوی خان ایڈوکیٹ اور دیگر نے فیروز شاہ خان ایڈوکیٹ کی خدمات کو سراہا اور انہیں خراج عقیدت پیش کی ، اس سے قبل فیروز شاہ خان ایڈوکیٹ کے ایصال ثواب کیلئے ختم القرآن کا بھی اہتمام کیا گیا ۔