سوات(مارننگ پوسٹ)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ سوات ،بونیر اوردیگر علاقوں میں دہشت گرد پھرسے منظم ہورہے ہیں جو انتہائی تشویشناک عمل ہے حکومت دہشت گردوں کی سرکوبی کے لئے عملی اقدامات اٹھائیں، سوات کے علاقے دمغار میں ن لیگی رہنما شہید فیروز شاہ ایڈوکیٹ مرحوم کی فاتحہ خوانی کے موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئےمیاں افتخار حسین نے کہاکہ حکومت عوام کے جان ومال کو تحفظ دینے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے ، سوات جیسے علاقے میں ہزاروں قربانیوں کے بعد امن قائم ہوا ہے جس کو پاکستان ایک مثالی اپریش قرار دے رہاہےلیکن موجود ہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے وہ تمام قربانیاں ضائع ہورہی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ سوات جیسے علاقے میں قاتل فیروز شاہ ایڈوکیٹ کو گولی مارتے ہیں اور دھندناتے ہوئے غائب ہوجاتے ہیں جس سے معلوم ہوتاہے کہ حکومت امن وامان قائم کرنے میں دلچسپی نہیں لے رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سوات کا امن ہمیں خیرات میں نہیں ملا ہے اس کے بدلے میں ہزاروں قربانیاں دی گئی ہیں۔ حکومت شہریوں کو تحفظ دیں اور فیروزشاہ ایڈوکیٹ کے قاتلوں کو فوری طورپر گرفتار کریں ،انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لئے عملی اقدامات اٹھائے۔