سوات   (مارننگ پوسٹ)    سوات کے 2200 سپیشل پولیس فورس اہلکار مستقل ہونے کے منتظر ،حکومت کے اعلان کو چھ ماہ بیت گئے ،تفصیلات کیمطابق چھ ماہ قبل وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود نے 2009ء میں دہشت گردی کے خلاف قائم فورس ”سپیشل پولیس فورس“  کو مستقل کرنے کا اعلان کیا تھا، لیکن چھ ماہ گزرنے کے باوجود بھی ان اہلکار کی مستقلی کو عملی جامہ نہیں پہنایاجاسکا ہے، جس کے باعث ہزاروں اہلکاروں میں شدید بے چینی اور اضطراب پایا جاتا ہے۔ یاد رہے کہ اس وقت ملاکنڈڈویژن سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں  10 ہزارکے قریب سپیشل پولیس فورس کے جوان خدمات انجام دے رہے ہیں۔ سپیشل پولیس فورس کے متاثرہ اہلکاروں نے وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان سے اپیل کی ہے کہ سپیشل پولیس فورس کی مستقلی کا معمہ جلد سے جلد نمٹایا جائے۔ان جوانوں کو بھی ریگولر فورس کی طرح کی مراعات دی جائیں۔ یاد رہے کہ سپیشل پولیس فورس کے جوان اس وقت کنٹریکٹ پر فرائض انجام دے رہے ہیں۔ان کی ماہانہ تنخواہ محض 15000 روپے ہے۔