سوات (مارننگ پوسٹ) کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ریاض خان محسود نے کہا ہے کہ آبادی میں اضافے کے باعث ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، سوات کی آب و ہوا میں آلودگی 150 فیصد تک پہنچ چکی ہے ا س سلسلے میں عوام میں آگاہی مہم کے ذریعے شعور اُجاگر کرنے کی ضرورت ہے تاکہ علاقے کی خوبصورتی برقرار رہ سکے، متوازن غذا کے بغیر صحت مند معاشرے کی تشکیل ناممکن ہے اور صحت مند معاشرہ کی ترقی کر سکتا ہے، سوات کے لوگ محب وطن اور اپنے علاقے سے محبت کرنے والے لوگ ہیں عوامی تعاون کے بغیر کوئی بھی ادارہ بہتر انداز میں کام نہیں کر سکتا، لاسونہ آرگنائزیشن کی جانب سے نیوٹریشن پراجیکٹ کے دور رس نتائج برآمد ہو رہے ہیں اور لاسونہ آرگنائزیشن نے جس طریقے سے عام لوگوں کو اس پراجیکٹ میں شامل کیا ہے تو ہمیں یقین ہے کہ پراجیکٹ کا وقت ختم ہونے کے بعد بھی یہ عمل جاری رہے گا اور یہی اس پراجیکٹ کی کامیابی ہے نیوٹریشن (غذائیت) کا ہمیں پتہ نہیں جس کیوجہ سے بیماریاں جنم لے رہی ہے اس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، ان خیالات کااظہار انہوں نے ویلٹ ہنگر ہیلفی اور صوبائی حکومت کے تعاون سے لاسونہ آرگنائزیشن کے زیر اہتمام پراجیکٹ آن سسٹینبل سلوشن ٹو فوڈ اینڈ نیوٹریشن ان سیکورٹی ان کے پی پاکستان کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا مذکورہ پراجیکٹ چھ سال تک چلنے کے بعد اختتام پذیر ہوا جس میں سوات، شانگلہ اور کوہستان کے اضلاع شامل تھے غذائیت کے حوالے سے 25000 خاندانوں کو آگاہی مہم دی گئی، اختتامی سیشن میں لاسونہ آرگنائزیشن کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر اعظم خان، محکمہ زراعت کے شاہ عالم، محکمہ تعلیم کے شاہین، ڈاکٹرکاشف، عائشہ، شیر شاہ خان اور دیگر نے پراجیکٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ریاض خان محسود کا کہنا تھا کہ نیوٹریشن (غذائیت) کے حوالے سے علم کی کمی ہے اسے آگاہی مہم کے ذریعے عام لوگوں تک پہنچایا جا سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ 3.4 فیصد تناسب سے آبادی میں اضافہ ہو رہا ہے جس سے بہت سے مسائل جنم لے رہے ہیں پختونخوا میں پشاور کے بعد سوات آبادی کے لحاظ سے دوسرا بڑا شہر بن چکا ہے جس کی آبادی 24 لاکھ تک پہنچ گئی ہے لہذا علاقے کی خوبصورتی اور صفائی کیلئے ہم سب کو مشترکہ طور پر اپنا کردار ادا کرنا چاہئے تاکہ علاقہ صاف ستھرا اور خوبصورت رہے۔
سوات کی آب و ہوا میں آلودگی 150 فیصد تک پہنچ چکی ،عوام میں آگاہی کی ضرورت ہے،کمشنر ملاکنڈ
