خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن کی خواتین ارکان نے صوبہ میں کمسن بچوں کو جنسی زیادتی کے بعد قتل کرنے کے واقعات میں ملوث افراد کو سرعام پھانسی دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے مذ متی قرارداد جمع کروادی ہے۔ اپوزیشن کی خواتین ایم پی ایز نے مطالبہ کیا ہے کہ ان واقعات کے تدارک اور ملوث افراد کو عبرتناک سزا دینے کیلئے فوری قانون سازی کی جائے۔ اپوزیشن جماعتوں جمعیت علمائے اسلام کی ریحانہ اسماعیل ، پیپلز پارٹی کی نگہت اورکزئی ، جماعت اسلامی کی حمیرا خاتون، عوامی نیشنل پارٹی کی شگفتہ ملک، شاہدہ بی بی اور مسلم لیگ ( ن) کی ثوبیہ شاہد کی جانب سے جمع کرائی گئی مذمتی قرارداد میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں کمسن بچوں کیساتھ جنسی زیادتی کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے جو حکومتی اداروں اور منتخب عوامی نمائندوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے اس قسم کے واقعات کی روک تھام کیلئے فوری اقدامات اٹھانے چاہیئے اور ملوث افراد کو سرعام پھانسی دی جائے ۔ آئندہ کوئی کمسن بچوں کو بری نظر سے دیکھنے کی جرات بھی نہ کرے۔