سال 2020 میں دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص کا درجہ رکھنے والے اور تقریباً 130 کھرب روپے کے مالک بل گیٹس کی 23 سالہ بیٹی نے اپنے دیرینہ دوست مصری مسلمان نوجوان سے منگنی کرلی۔
دنیا بھر کے کمپیوٹرز کو سافٹ ویئر فراہم کرنے والی کمپنی مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کی بیٹی 23 سالہ جینیفر گیٹس اور 28 سالہ مصری نژاد نوجوان نائل نصر کے درمیان 4 سال قبل تعلقات استوار ہوئے تھے۔
بل گیٹس کی بیٹی جینیفر نے مصری نژاد مسلمان نوجوان سے 18 سال سے قبل ہی اس وقت تعلقات استوار کرلیے تھے جب انہیں پتا چلا تھا کہ نائل نصر بہترین گھڑ سوار ہیں۔
جس وقت جینیفر گیٹس نے مصری نوجوان سے تعلقات استوار کیے اس وقت ان کے والد دنیا کے امیر ترین انسان تھے اور بل گیٹس اب تک بہت زیادہ عرصے تک دنیا کے امیر ترین انسان رہنے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں۔
بل گیٹس 2017 کے بعد دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص بنے تاہم 2018 اور 2019 میں کچھ مدت کے لیے وہ ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے تھے لیکن سال 2020 کی تازہ رینکنگ کے مطابق وہ اس وقت دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص ہیں۔
بل گیٹس کی بیٹی اور مصری مسلمان نوجوان کے معاشقے نے 2017 میں تہلکہ مچادیا تھا اور اس وقت ہی یہ چہ مگوئیاں ہوگئی تھیں کہ جلد ہی دونوں شادی کرلیں گے۔
تاہم جینیفر گیٹس کی جانب سے ماسٹر کی تعلیم کی وجہ سے ان کی شادی ممکن نہ ہوسکی لیکن دونوں اس عرصے کے دوران انتہائی قریب رہے اور ایک دوسرے سے رومانس کرتے دکھائی دیے۔
تاہم اب دونوں نے منگنی کرلی ہے جس کے بعد خیال کیا جا رہا ہے کہ جلد ہی دونوں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔
دونوں نے منگنی کی تصدیق اپنی انسٹاگرام پوسٹس کے ذریعے کی اور اس موقع پر خوشی کا اظہار کیا۔
نائل نصر نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ ’جینیفر گیٹس‘ نے ان کی پیش کش قبول کرلی اور وہ ان کی ہاں کے بعد خوش کو دنیا کے سب سے خوش قسمت مرد تصور کر رہے ہیں۔
نائل نصر کے جینیفر گیٹس سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ان کے لیے وہی سب کچھ ہیں اور اب وہ ان سے دور رہنے کا تصور بھی نہیں کرسکتے اور چاہتے ہیں کہ وہ دونوں ایک ہوجائیں۔
واضح رہے کہ نائل نصر کے والدین عرب ملک کویت میں آرکیٹک کی ایک کمپنی چلاتے ہیں، وہ کاروبار کے سلسلے میں ہی مصر سے 3 دہائیاں قبل کویت منتقل ہوئے تھے۔
ائل نصر کی پیدائش امریکا میں ہوئی تھی تاہم ان کی پرروش کویت میں ہوئی اور انہوں نے اعلیٰ تعلیم امریکا سے حاصل کی۔
نائل نصر اور جینیفر گیٹس نے امریکا کی اسٹین فورڈ یونیورسٹی سے ماسٹر کر رکھا ہے، مصری نوجوان نے 2013 جب کہ جینیفر گیٹس نے 2018 میں ماسٹر کیا اور دونوں کو گھڑ سواری کا شوق ہے۔