پشاور( آن لائن) بی آر ٹی میں کم عمر کے بچوں کو مفت سفرکرنے کی سہو لت دینے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ ریچ ٹو اور ریچ تھری پر آر ٹی ایس کے نصب کرنے کاکا م بھی مکمل کرلیا گیا ہے ۔ریچ ون پر پہلے سے ہی مکمل کیاگیا تھا ۔

ریچ ون کے 6اسٹیشنز رواں ماہ کے دوسرے ہفتے میں انتظامیہ کے حوالے کردیئے جائینگے ۔ریچ ٹو اور ریچ تھری کے سٹیشنز پر سیکورٹی انتظامات ، نیٹ ورکنگ سسٹم کی تنصیب آخری مرحلے میںداخل ہو گئی ہے ۔

ریچ ون پر آزمائشی بنیادوں پر سروس کامیابی کے ساتھ جاری ہیں ڈبگری گارڈن اور حیات آباد میں بسوں کے لئے سٹیشنز کا قیام بھی مکمل کر لیا گیاہے انتظار گاہیں بھی تعمیرکے آخری مرحلے میںمختلف سٹیشنوں پرداخل ہو گئی ہیں ۔

صوبائی حکومت کی جانب سے دی جانے والی ڈیڈ لائن پرکام مکمل کرنے کے لئے مزید ٹیکنیکل انجینئرز کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔

اس حوالے سے پراجیکٹ کے ترجمان کے مطابق کام 24گھنٹے جاری ہے جس کیلئے جدید مشینری استعمال کی جا رہی ہے ترجمان کے مطابق کام کرنے والی کمپنی مقبول اینڈ سنز کیلسنز اور سی آر 21جی نامی کمپنیاں اس وقت تمام امور بین الاقوامی معیار کے مطابق سرانجام دے رہی ہیں ترجمان نے بتایا کہ پراجیکٹ کے دورانیہ میں اضافہ مختلف مقامات پر پراجیکٹ کو توسیع دینے کی وجہ سے کیاگیا ہے جبکہ ٹریفک کی روانہ کو بھی جاری رکھا گیا ہے

ترجمان نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ کسی قسم کے معیار پر سمجھوتہ نہیں کیا جا ئے گا اور صوبائی حکومت کی جانب سے کیاگیا بین الاقوامی طرز کا سفری منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا جس کیلئے منصوبہ بندی کرلی گئی۔