مینگورہ کے کانٹینینٹل پلازہ میں ”ایس ایس مارکیٹنگ“کے نام سے ادویہ کا کاروبار کرنے والا ثناء اللہ لوگوں سے کاروبار کے نام پر پیسے لے کر ملک سےفرار ہوگیا ، سوات میں لوگوں کو لوٹنے کا سلسلہ تھم نہ سکا ایک اور مالیاتی فراڈ میں ثنااللہ نامی شخص لوگوں سے 50 کروڑ سے زائد روپے لے کر فرار ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق مینگورہ کے کانٹینینٹل پلازہ میں ”ایس ایس مارکیٹنگ“کے نام سے ادویہ کا کاروبار کرنے والا ثناء اللہ لوگوں سے کاروبار کے نام پر پیسے لے کر کچھ ماہ تک ماہانہ منافع دیتا رہا۔ جس کی وجہ سے کئے لوگوں نے اس کو کاروبار کے لئے کروڑوں روپے دیئے۔ ایک متاثرہ شخص نے نام شائع نہ کرنے کی شرط پر بتا یا کہ انہوں نے دوستوں سے مل کر ثناء اللہ کو ساڑھے چار کروڑ روپے دیئے۔ ان کے مطابق کم از کم پچاس کروڑ سے زائد رقم ان کے پاس جمع تھی، جس کو لے کر ثناء اللہ فرار ہوگیا ہے۔ سوات ٹریڈرز فیڈریشن کے صدر عبدالرحیم نے سوات کے نجی نیوز ویب سائٹ باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتا یا کہ یہ رقم بازار اور ہر کاروبار میں سرکل کی طرح چلتی ہے۔ کروڑوں روپے سوات سے نکل جانے کے بعداب ایک بار پھر کاروبار کا سرکل رک جائے گا، جس کا اثر تاجروں اور کاروباری افراد کے علاوہ عام آدمی پر بھی پڑے گا۔ حالیہ اسکینڈل کے بعد تاجروں کا کہنا ہے کہ زیرِ گردش رقم باہر ممالک جانے سے ہر قسم کے کاروبار پر شدید منفی اثرات مرتب ہوں گے۔