سوات(مارننگ پوسٹ) خوازہ خیلہ سے مینگورہ شہر تک 9 یونین کونسلوں کو معیاری پینے کے شفاف پانی کی فراہمی کے لئے اربوں روپے کی لاگت سے گریویٹی واٹر سپلائی سکیم جدید تکنیک سے لانے کے لئے منصوبہ بندی کی گئی ہے جس کیلئے جولائی 2020 کو باقاعدہ طور پر ٹینڈر ہو جائے گا اور اسی سال اس عظیم الشان اسکیم پر کام کا آغاز کر دیا جائے گا اس سکیم میں تمام یونین کونسلوں میں نئے پائپ لائن بچایے جائیں گے جبکہ چالیس انچ پائپ لائن سے تین کروڑ بیس لاکھ گیلن معیاری فلٹر شدہ پانی 26 پرانے ٹینکوں اور 17 نئی ٹینکوں تک پہنچایا جائے گا ۔ گریویٹی منصوبے کی تکمیل سے حلقہ پی کے 5 کے تمام یونین کونسلوں کی آبادی کو پینے کا صاف پانی میسر آئے گا اس اہم منصوبے میں وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان بھی ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں تاکہ عوام کو گھر گھر تک صاف اور معیاری پانی فراہم کیا جائے واضح رہے کہ حلقہ پی کے 5میں پانی کی سطح دن بدن کم ہوتی جا رہی ہے جس کے باعث ٹیوب ویلز بھی خشک ہو رہے ہیں اور پانی کے ذخائر میں تیزی سے جو کمی آ رہی ہے یہ مستقبل کیلئے نہایت خطرے کی بات ہے گریویٹی سکیم کا منصوبہ مکمل کرنا حلقہ پی کے 5 کیلئے انتہائی ضروری ہے جس کی تکمیل سے مینگورہ شہرمیں صاف پانی کی فراہمی کا مسئلہ ہمیشہ کیلئے حل ہو جائے گا۔