سوات    (مارننگ پوسٹ)    سیدوشریف میں نادرا کے آفیسر رحمت علی فائرنگ سے جاں بحق ہوگئے۔ ایس ایچ او تھانہ سیدوشریف اعجاز خان کے مطابق واقعہ سیدوشریف کے محلہ بالی گرام میں پیش آیا، جہاں پر فائرنگ کے نتیجے میں نادرا کے آفیسرچالیس سالہ رحمت علی ولد محمد خان سکنہ رائل کیمپس سیدشریف گولی کی زدمیں آکر جاں بحق ہوگیا۔ اس  کی لاش پوسٹ مارٹم کے لئے سیدوشریف اسپتال منتقل کردی گئی۔ پولیس کے مطابق مقتول کے بھائی حیدرعلی کے مطابق مقتول رحمت علی اپنے دوستوں نواب علی اور شاہ زیب کے ساتھ موجود تھا کہ اس دوران ملزم عرفان اللہ ولد احسان اللہ سکنہ گل کدہ نے ان پر فائرنگ کی جس سے رحمت علی موقع پر جاں بحق ہوگیا۔وجہ تنازعہ نواب علی اور ملزم عرفان اللہ کے مابین رشتہ داری کا تنازعہ بتائی جاتی ہے۔ سیدوشریف پولیس نے ملزم عرفان اللہ کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کرلیا اور مزید تفتیش جاری ہے۔