سوات (مارننگ پوسٹ ) پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیرمقام نے یوم تکبیر پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے دفاع، سلامتی اور قومی مفادات کے لئے پوری قوم ایک ہے، یوم تکبیر پاکستان کے دشمنوں کے لئے پیغام ہے کہ ہماری امن پسندی کو کمزوری سمجھنے کی حماقت نہ کریں، مادروطن کے تحفظ کے لئے پورا پاکستان متحد ویک جان ہے۔ یوم تکبیر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ آج کا دن محمد نوازشریف کو خراج تحسین پیش کرنے کا بھی دن ہے کہ انہوں نے ڈالر ، ڈر اور دباو سے آزاد ہوکر پاکستان کے مفاد میں فیصلہ کیا۔ یہ پوری قوم کی آواز تھی کہ بھارت کو منہ توڑ جواب دیا جائے۔ یوم تکبیر پر ہم پاکستان کا جوہری پروگرام شروع کرنے والے سابق وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹو، ان تمام سائنسدانوں، انجینئرز اور تمام عملے کو بھی یاد کرتے ہیں جنہوں نے ہر مرحلے پر اپنا اپنا حصہ مقصد میں ڈالا۔ پاکستان کی فوج کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جس نے اس اہم پروگرام پر قومی فرض ادا کیا۔ آج کے دن پوری قوم کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جس نے قومی جذبے سے اپنے واضح فیصلے کا اظہار کیا۔ انجینئر امیرمقام نے کہاکہ محمد نوازشریف نے ہر مرحلے پر ملک وقوم کے لئے بڑے فیصلے کئے ہیں۔ پاکستان کی ترقی، دفاع سمیت ہر شعبے میں نوازشریف نے ترقی کے عمل کو آگے بڑھایا۔ انہوں نے کہاکہ مستقبل میں بھی انشاءاللہ پاکستان مسلم لیگ (ن) محمد نوازشریف اور شہبازشریف کی قیادت میں پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے، قومی ترقی اور خوشحالی کے لئے اور بھی زیادہ اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کارکنان سے اپیل کی کہ کورونا وباءکے پیش نظر پارٹی صدر شہبازشریف کی ہدایات کی روشنی میں یوم تکبیر سادگی سے منائیں۔
پاکستان کے دفاع، سلامتی اور قومی مفادات کے لئے پوری قوم ایک ہے،امیر مقام
