سوات(مارننگ پوسٹ) سوات یونیورسٹی کے اعلیٰ سطح اجلاس میں یونیورسٹی کے مین کیمپس چارباغ میں جاری تعمیراتی پراجیکٹس پرہونے والی پیش رفت کاجائزہ لیتے ہوئے فیصلہ کیاگیاہے کہ رواں سال اگست کے مہینہ میں ایڈمنسٹریشن (انتظامی دفاتر) کے ساتھ ساتھ بعض تدریسی شعبہ جات کوبھی چارباغ منتقل کرنے کی منصوبہ بندی کی جائے گی۔ وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرمحمدجمال خان کی زیرصدارت اجلاس جوکہ کیمپس ریڈیواسٹیشن کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا، میں رجسٹراروڈائریکٹرپی اینڈڈی محبوب الرحمان، پراجیکٹ ڈائریکٹرانجینئر عنایت اللہ خان، ڈائریکٹرورکس وایکسئین انجینئرحبیب رشید، انجینئرشاہ فیصل،محمداشفاق اورڈپٹی ڈائریکٹرپی اینڈڈی شاہدخان نے شرکت کی۔ اجلاس کوبتایاگیاکہ فیز۔ون کے تحت 2.564بلین روپے کی مجموعی لاگت سے تعمیرہونے والے کل 13پیکجزمختلف کنٹریکٹرزکودیئے جاچکے ہیں جن میں آٹھ پیکجزکیلئے صوبائی محکمہ اعلیٰ تعلیم (ایچ ای ڈی)جبکہ باقی ماندہ پانچ پیکجزکیلئے ہائرایجوکیشن کمیشن فنڈزفراہم کررہاہے۔ اجلاس کوبتایاگیاکہ صوبائی محکمہ اعلیٰ تعلیم کی فنڈنگ سے تعمیرہونے والے پیکجزپر80فی صدجبکہ ایچ ای سی کی فنڈنگ سے تعمیراتی پیکجزپر40فی صدکام مکمل کیاجاچکاہے۔ اجلاس کے شرکاء کوبتایاگیاکہ باونڈری وال، رابطہ اوراندرونی سڑکوں، مین گیٹ اورگرلزہاسٹل پرمشتمل تین پیکجز ”اے، سی اورای“مکمل کئے جاچکے ہیں جبکہ مین لائبریری کوستمبر2020اوراکیڈیمک بلاک کودسمبر2020تک مکمل کیاجائے گا۔ اجلاس کوبتایاگیاکہ پانی کی فراہمی کامنصوبہ ستمبر2020جبکہ بجلی کی فراہمی کامنصوبہ رواں ماہ جون میں مکمل کیاجائے گا۔وائس چانسلرنے یونیورسٹی کے ذاتی زیرتعمیرکیمپس پرجاری تعمیراتی کاموں میں ہونے والی پیش رفت پراطمینان کااظہارکرتے ہوئے تعمیراتی کام مزیدتیزکرنے کی ہدایت کی جبکہ اس موقع پریہ بھی فیصلہ کیاگیاکہ یونیورسٹی میں مکمل ہونے والی عمارتوں میں رواں سال اگست تک انتظامیہ کے ساتھ ساتھ بعض تدریسی شعبہ جات کومنتقل کرنے کیلئے منصوبہ بندی کی جائے گی۔