سوات: بحرین کے پہاڑی علاقہ بڈئی، سیرئی کے6بانڈہ جات میں 95مکانات کو آگ لگا دی گئی جس کے نتیجے میں زیادہ تر لکڑی سے بنے تمام مکانات جل کر خاکستر ہوگئے۔ ان پہاڑی علاقوں کے گھروں میں 90 فیصد لکڑی اور 10 فیصد پتھر کا استعمال کیا جاتا ہے۔ ان کچے مکانات میں چرواہے موسمِ گرما میں قیام کرتے ہیں اور بھیڑ، بکریوں کا خیال رکھتے ہیں۔ ایس پی اپر سوات فرمان اللہ خان کے مطابق اس زمین پر گوجر برادری اور مانکیال قوم کے درمیان عدالت میں مقدمہ زیرِ سماعت ہے، جس کی وجہ سے پچھلے کئی سال سے چرواہے ان مکانات میں رہائش اختیار نہیں کرتے۔ ایس پی کے مطابق 95 مکانات کو جلانے کے جرم میں 17 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کردیا گیا ہے، جن میں دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جن کو عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔ 5 ملزمان نے عدالت سے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کی اور باقی ملزمان کی گرفتاری کے لئے پولیس کی کوشش جاری ہے۔ واضح رہے کہ اس تنازعہ میں پچھلے سال ایک شخص کو قتل کیا گیاتھا اور آگ لگانے کے واقع میں سیکڑوں بھیڑ، بکریاں جل کر ہلاک ہوئی تھیں۔