سوات (مارننگ پوسٹ) محکمہ سیاحت خیبر پختون خوا کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملاکنڈ ڈویژن کے سیاحتی مقامات پر اس سال سیاح کثیر تعداد میں آئے جن میں سب سے زیادہ سیاحوں نے سوات کا رخ کیا۔ محکمہئ سیاحت کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ملاکنڈ ڈویژن کے 4 اضلاع میں سیاحوں کی غیر معمولی تعداد میں آمدہوئی۔ 13 اگست سے لے کر 21 اگست تک مجموعی طورپر 2 لاکھ 6 ہزار 245 سیاح خیبر پختون خوا آئے۔ سب سے زیادہ سیاحوں نے سوات کا رُخ کیا۔ سوات میں 1 لاکھ 89 ہزار 596 سیاح آئے ہیں۔ دوسرے نمبر پر ضلع چترال میں 9 ہزار 800 جب کہ تیسرے نمبر لوئر دیر میں 3460 سیاح آئے ہیں۔ اپر دیر میں 3389 سیاح آئے ہیں۔ ادھرسوات میں ہفتہ کو بھی تمام سیاحتی علاقوں کے ہوٹلوں میں ”ہاؤس فل“ رہا اور ہفتہ کو بھی سیاحوں کی کثیر تعداد میں سوات آمد کا سلسلہ جاری رہا۔