مینگورہ شہر کے گنجان آباد علاقے طاہر آباد سے میڈیکل ٹیکنیشن کو اغوا کرلیا گیا۔ ایس ایچ او تھانہ بنڑزاہدشاہ کے مطابق پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ علاقہ طاہر آباد سے میڈیکل ٹیکنیشن سلیم اللہ کو گذشتہ رات اپنے کلینک سے مریض کے بہانے لے جاکر اِغواکرلیا گیا۔ پولیس نے اطلاع ملتے ہی کارروائی شروع کردی۔ منگل کے روز نواحی علاقے مرغزارٹاؤن میں ایک گھر پر چھاپا مارکر وہاں پر موجود مغوی سلیم اللہ کو بازیاب کرالیا۔ ملزمان میاں بیوی ملک عمر ولد ملک شوکت اور اس کی اہلیہ مسماۃ مسکان اور ساتھی موسیٰ کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے مغوی کو مبینہ طور پر کرنٹ دینے والا ٹریزر بھی برآمد کرلیا۔ ملزمان کے قبضے سے مغوی کی کاربھی برآمد کرلی گئی ہے۔ بنڑ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی۔
سوات کے مرکزی شہر سے اغوا ہونے والا میڈیکل ٹیکنیشن بازیاب،ملزمان گرفتار
