ویب ڈیسک: ملک میں مسلسل تیسرے ہفتے بھی مہنگائی میں اضافہ ہوا، ایک ہفتے میں مہنگائی صفر اعشاریہ پانچ تین فیصد مزید بڑھ گئی، ایک ہفتے میں گھی، کوکنگ آئل، مرغی، مرچ اور لہسن سمیت اکتیس اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں ہیں۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے اثرات سامنے آنے لگے، وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے مہنگائی کے حوالے سے جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق مہنگائی کی شرح سات اعشاریہ آٹھ دو فیصد فیصد ہوگئی ہے،ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں اکتیس اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں ہیں جن میں مرغی 6 روپے30 پیسے فی کلو اور مرچ کا دو گرام پیکٹ 25 روپے مہنگا ہوا جبکہ ایل پی جی کا گھریلو سلینڈر 36 روپے مہنگا ہوا، ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں گھی کا ڈھائی کلو کا ڈبہ 6 روپے 67 پیسے مہنگا ہوا جبکہ اسی دوران کیلے 1روپے 65پیسے فی درجن، مردوں کے سینڈل کا جوڑا 300 روپے اور مردوں کے چپلوں کا جوڑا 50 روپے مہنگا ہوا ہے، گزشتہ ہفتے دال چنا، لہسن، دال مسور، چاول، گڑ، دال مونگ، چھوٹا گوشت، بڑا گوشت، پیٹرول اور ڈیزل بھِی مہنگا ہواہے، ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں سات اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے، ٹماٹر 4روپے70 پیسے، پیاز99 پیسے، آلو6 پیسے اور چینی8 پیسے فی کلو سستی ہوئی جبکہ آٹے کا 20کلو کا تھیلا 24 پیسے اور انڈے فی درجن 1روپے 84 پیسے سستے ہوئے ہیں، ایک ہفتے میں 13اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا.