اسلام آباد(این این آئی)وزارت خزانہ نے پاکستان پر قرضوں سے متعلق رپورٹ جاری کردی ہے جس میں 15ماہ کے قرضوں کی تفصیلات دی گئی ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق جون 2019سے ستمبر 2020تک اندرونی سمیت قرض میں 2660ارب روپے کا اضافہ ہوا، اندرونی قرض بڑھ کر23ہزار392ارب روپے تک جا پہنچا،15ماہ میں بیرونی قرضہ 6ارب ڈالر بڑھا۔

رپورٹ کے مطابق غیر ملکی قرض بڑھ کر79ارب90 کروڑ ڈالرتک جا پہنچا، موجودہ حکومت نے سابق حکومتوں کے569ارب سٹیٹ بینک کوواپس کیے، پاکستان سب سے زیادہ عالمی بینک کا مقروض ہے۔

قرضوں کے حوالے سے رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ عالمی بینک کے قرضے 16 ارب 18 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئے ہیں، ایشیائی ترقیاتی بینک کے قرضے 12 ارب 74 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئے، پیرس کلب کا قرضہ 10 ارب 92 کروڑ ڈالر تک ریکارڈ ہوا ہے۔