(اسلام آباد)پاکستان سیکریٹریٹ ملازمین کے دھرنے کے پیچھے کون سے عوامل کارفرما ہیں، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے بڑا انکشاف کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ اسلام آباد میں دھرنا دینے والوں سے بات چیت طے ہوچکی تھی، مذاکرات میں طے کیا گیا تھا کہ تنخواہوں اور دیگر مراعات میں اضافہ صرف 16 گریڈ کے ملازمین کا کیا جائے گا، احتجاج مظاہرین اب معاملے کو 22 گریڈ تک لے گئے ہیں۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ ہم اپنے فیصلے پر قائم ہیں، حالات بہتر ہونگے تو بات آگے بڑھےگی، جو ان کے لیڈر ہیں ہم ان سے رابطے میں ہیں، پتہ چلا ہے کہ مظاہرین کو 22گریڈ کے ملازمین کی سپورٹ حاصل ہے، مظاہرین میں بائیس گریڈ کے افسران شامل نہیں مگرپیچھے موجود ہیں، مظاہرین پر پہلے ہی واضح کردیا تھا کہ وفاقی حکومت 3لاکھ 72ہزار ملازمین کی اوسطاً 40فیصد تنخواہوں میں اضافے کو تیارہیں۔