پشاور: عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صدرایمل ولی خان نے کہا ہے کہ22 فروری کو تمام لاپتہ افراد کی باحفاظت بازیابی کے لئے بھرپوراحتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔
باچا خان مرکز میں پارلیمانی پارٹی اجلاس کے بعد مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ ملک بھر میں ضلعوں کی سطح پر عوامی نیشنل پارٹی پریس کلب کے سامنے اپنے احتجاجی مظاہرے ریکارڈ کرائیں گے، اس سلسلے میں تمام ضلعی تنظیموں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں، احتجاجی مظاہروں میں عوامی نیشنل پارٹی کی تمام ذیلی تنظیمیں اور عام عوام بھرپور شرکت کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کی مرکزی قیادت نے لاپتہ افراد کے لئے آواز اٹھانے کا فیصلہ مرکزی مجلس عاملہ میں کیا تھا، جس کی توثیق پارٹی کی مرکزی کونسل نے کی تھی اور مرکزی کونسل اس بارے قرارداد بھی منظور کر چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اے این پی بلوچستان کے ترجمان اسد خان اچکزئی کئی مہینوں سے لاپتہ ہیں لیکن ریاست ان کی بازیابی میں ناکام رہی ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ لاپتہ افراد کے اہل خانہ کے درد کا احساس عوامی نیشنل پارٹی سے زیادہ کسی کو نہیں ہوسکتا، عوامی نیشنل پارٹی لاپتہ افراد کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے۔عوامی نیشنل پارٹی نے اس خطے کی بقا اور سلامتی اور قیام امن کی خاطر سینکڑوں کارکنان و رہنماں کی قربانیاں دے ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہمارے کارکنان کو اغوا کیا گیا، شہید کیا گیا لیکن اے این پی میدان میں کھڑی رہی اور اس خطے کی سلامتی کی جنگ لڑتی رہی۔ اے این پی پہلے بھی یہ مطالبہ کرچکی ہے کہ تمام لاپتہ افراد کو باحفاظت بازیاب کرایا جائے، اگر وہ قصور وار ہیں تو ان کو عدالتوں میں پیش کیا جائے اور ان کا صاف و شفاف ٹرائیل کیا جائے ۔
ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ ان عوامل سے ملک بھر میں احساس محرومی بڑھتی چلی جارہی ہے، ریاست کو سنجیدہ اقدامات اٹھانے ہوں گے اور عام عوام میں احساس محرومی کو ختم کرنا ہوگا، اے این پی ہر قسم کی جبری گمشدگیوں کی بھرپور مذمت کرتی ہے اور بالخصوص ضم اضلاع سمیت خیبر پختونحوا ، سندھ اوربلوچستان میں ایسے بڑھتے ہوئے واقعات قابل تشویش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 22فروری کے احتجاجی مظاہروں میں تمام لاپتہ افراد کیلئے بھرپور آواز اٹھائی جائیگی اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کی جائے گی۔ عوامی نیشنل پارٹی تمام مظلوم قومیتوں کے حقوق کی ترجمان ہے، 22 فروری کے احتجاجی مظاہروں میں تمام انسان دوست، قانون پسند اور جمہور پسند عوام اپنی شرکت یقینی بنائیں گے۔