(سوات)سوات میں قتل ہونے والی دو خواتین کے قاتلوں کا سراغ لگا لیا گیا۔ ایک کو شوہر اور دوسری کو باپ اور بھائی نے مل کر قتل کیا تھا۔ خوازہ خیلہ کے علاقہ مان پیتئی میں عبدالحیات نے اپنی 18 سالہ بیٹی کو طبی موت سے مرا ہوا قرار دے کر سپردِخاک کر دیا تھا۔ ڈی پی او دلاور بنگش کی ہدایت پر پولیس نے قانون کے مطابق قبر کشائی کی۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں قرار دیا گیا کہ لڑکی کو زہر دے کر قتل کیا گیا ہے۔ نتیجتاً ملزم عبدالحیات کو گرفتار کیا گیا جنہوں نے اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ میں نے اپنے بیٹوں صدیق خان اور شاہد خان کے صلاح و مشورے سے بیٹی کو زہر دے کر قتل کیا تھا۔ بعد میں پولیس نے ان کے دونوں بیٹوں کو بھی گرفتار کرلیا۔ تحصیل خوازہ خیلہ کے علاقہ چنکولئی میں نامعلوم افراد نے مسماۃ نور حسینہ کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔ پولیس نے دورانِ تفتیش مقتولہ کے شوہر فاروق خان کو گرفتار کیا جس نے اعترافِ جرم کرتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ اس نے اپنی بیوی کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔
سوات پولیس نے قتل ہونے والی2خواتین کے قاتلوں کا سراغ لگا لیا
