اسلام آباد: لاہورہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیے جانے کے بعد انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی کا اجرا اور وصولی آج سے شروع کی جائے گی اور یہ سلسلہ آٹھ جون تک جاری رہے گا۔ انتخابی امیدواروں کی ابتدائی فہرست بھی آٹھ جون کو آویزاں کی جائے گی۔
سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ کاغذات نامزدگی الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق رہیں گے۔
کاغذات نامزدگی فارم الیکشن کمیش آف پاکستان کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کیے جا سکتے ہیں اورفارم بھرنے کے بعد 100 روپے فیس کے ساتھ ریٹرنگ افسران کو جمع کرائے جا سکیں گے۔
امیدوار انگلش اور اردو فارم میں سے کسی ایک کا انتخاب کرسکتے ہیں۔
عام انتخابات2018 میں قومی اسمبلی کے امیدوار کے لیے کاغذات نامزدگی کی فیس چار ہزار روپے سے بڑھا کر 30 ہزار کردی گئی ہے۔
صوبائی اسمبلی کے لیے کاغذات نامزدگی فیس دو ہزار سے بڑھا کر 20 ہزار کردی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں ضمانت ضبط ہونے کا طریقہ بھی تبدیل کر دیا ہے۔
آئندہ عام انتخابات میں ضمانت ضبط کے لیے ڈالے گئے کل ووٹوں میں سے ایک چوتھائی ووٹ لینا ضروی قرار دیا گیا ہے۔
ماضی میں الیکشن کمیشن کے ضابطے کے مطابق کسی بھی حلقہ میں ڈالے گئے مجموعی ووٹ کے ساڑھے بارہ فیصد ووٹ لینا لازمی تھے۔ مقررہ حد سے کم ووٹ لینے والے کی ضمانت ضبط کر لی جاتی تھی۔