سوات(مارننگ پوسٹ) سوات میں فوڈ سیفٹی کے حوالے سے انسپکشن میں مزید تیزی، صفائی کی ابتر صورتحال پر پیزہ پوائنٹ سیل، کئی دکانوں پر جرمانے عائد، فوڈ اتھارٹی سوات ٹیم کی زاید المیعاد اور ناقص خوراکی اشیاء کیخلاف رات گئے انسپکشن، تحصیل بابوزئی اور تحصیل خوازہ خیلہ کے مختلف علاقوں میں کاروائیاں۔ تحصیل بابوزئی میں ایک پیزہ پوائنٹ کو انتہائی ناقص صفائی پر سیل کیا گیا۔مختلف ریسٹورنٹ اور تکہ شاپس کی بھی انسپکشن کی گئی،ہدایات پر عمل نہ کرنے پر کئی شاپس پر جرمانہ عائدکیا گیا۔ کاروائی کے دوران مختلف دوکانوں سے ایکسپائر اشیاء اور غیر معیاری خوراک کی مواد بھی موقع پر ضبط کیا گیا۔ ڈپٹی ڈائیریکٹر فوڈ اتھارٹی اسد قاسم کا کہنا ہے کہ ضلع سوات میں خوراک کی اشیاء کے معیار کو جانچنے اور ملاوٹ کی روک تھام کے لئے فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں ہمہ وقت سرگرم عمل ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر انسپکشنز ہورہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ عوامی شکایات پر فوراً کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ فوڈ سیفٹی کے حوالے سے شکایات کی صورت میں بلاتاخیر فوڈ اتھارٹی سوات سے رابط کریں۔