سوات:ملاکنڈ ڈویژن کے 9 اضلاع کے وہ پولیس اہلکار جو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں زخمی یا عمر بھر کے لئے معذور ہوئے تھے کے لئے ملاکنڈ پولیس نے پہلی بار ”یومِ غازی“ منایا۔ اس سلسلے میں سوات پولیس لائن میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں زخمی یا عمر بھر کے لئے معذور 147 پولیس اہلکاروں نے شرکت کی، جن میں 37 کا تعلق سوات، 23 شانگلہ، 12 بونیر، 29 لوئر دیر، 11 اپر دیر، 34 باجوڑ اور ایک کا تعلق ایف آر پی پولیس سے تھا۔ تقریب میں کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام، ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ملاکنڈ ڈویژن(آرپی او) عبدالغفور آفریدی، ڈی پی او سوات دلاور خان بنگش، مختلف اضلاع کے پولیس افسران اور جوانوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر پولیس کے غازیوں کو سلامی دی گئی اور ان کو شان دار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ کمشنر ملاکنڈ اور ڈی آئی جی نے اپنے خطاب میں کہا کہ فورسز کی قربانیوں کی وجہ سے آج سوات اور ملاکنڈڈویژن میں امن قائم ہے۔ تقریب میں پولیس کے غازیوں کے لئے خصوصی کھانے کا انتظام کیا گیا تھا جہاں پولیس اور سول افسران نے غازی پولیس اہلکاروں کے ساتھ کھانا کھا یا اور ان کے مسائل سنے۔
سوات پولیس لائن میں ”یومِ غازی“ حوالے سے پروقار تقریب منعقد
