سوات (مارننگ پوسٹ) پاکستان مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا کے صدر انجینئرا میر مقام نے کہا ہے کہ عوام کو اب عمران نیازی کی تبدیلی سمجھ میں آ نا شروع ہو گئی ہے جو ملک کی معیشت، کاروبار کی تباہی، بد ترین مہنگائی، لوٹ مار، کرپشن اور اقربا پروری ہے، تبدیلی سرکار نے ہر چیز کا حلیہ بگاڑ کر رکھ دیا ہے اب ہر محب وطن اس سوچ میں ہے کہ پرانا پاکستان کب اورکیسے لوٹے گا، عوام کو نواز شریف اور مسلم لیگ ن کا دور یاد آ رہا ہے، عمران اور انکے ٹولے کی موجودگی میں ایک پارٹی یا فرد نہیں بلکہ پورے ملک کے عوام کو خطرہ ہے ملک رہے گا تو ہم سب کی عزت ہو گی، مسلم لیگ ن پاکستانی عوام کا مقدمہ لڑ رہی ہے بہت جلد اللہ تعالیٰ کی مہربانی اور عوام کے تعاون سے سرخروہونگے دن رات ایک کرکے پاکستانی عوام کی مشکلات کم کرنے کیلئے کوشاں رہیں گے، وہ سوات کے ایک روزہ دورے کے موقع پر مختلف وفود اور صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے انجینئر امیر مقام نے سوات چیمبر آف کامرس کے وفد سے بھی ملاقات کی، کے پی ایچ اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فضل حق آف دنگران کی نماز جنازہ میں شرکت، سابق صوبائی وزیر واجد علی خان کی بھابھی کی وفات پر اُن سے فاتحہ خوانی کی اور سیٹھ عابد اور رحمت اللہ کی فاتحہ خوانیوں میں بھی شریک ہوئے۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کے دوران انجینئرا میر مقام کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کا مزید اقتدار میں رہنا خطرے سے خالی نہیں ہے عالمی سطح پر ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے پتہ نہیں کہ عمران نیازی کس ایجنڈے کے تحت عوام کو ذلیل و خوار کر رہے ہیں۔