سوات(مارننگ پوسٹ)میڈیا دور جدید کا خطرناک ہتھیار ہے جس کا استعمال انتہائی تعلیم یافتہ اور تربیت یافتہ ذمہ دار افراد کے ہاتھوں میں ہونا چاہئے ورنہ یہ قوم کو فائدے کی بجائے نقصان بلکہ تباہی سے دوچار کر سکتا ہے اس امر کا اظہار سوات کے سینئر صحافی اور الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن سوات کے صدر نیاز احمد خان نے پختونخوا ریڈیو ایف ایم 98 کے پروگرام "د سوات رنگونہ” میں میڈیا کے عوامی کردار پر خصوصی مذاکرے میں کیا نیاز احمد خان نے کہا کہ صحافت بھی دیگر کئی شعبوں کی طرح ایک حساس شعبہ ہے جس میں صحافت کے شعبہ سے وابستہ لوگ اکثر و بیشتر بڑی مشکل صورتحال میں فرائض انجام دیتے ہیں انہوں نے کہا کہ سوات کے کشیدہ حالات میں یہاں کے صحافیوں نے اپنے فرائض منصبی بڑے پیشہ ورانہ انداز میں احسن طریقے سے نبھائے ہیں اور کافی قربانیاں بھی دی ہیں جو قوم کے سامنے ہیں اس دور میں رپورٹنگ انتہائی مشکل تھی بغیر سیفٹی کے ہم رپورٹنگ کیلئے جاتے تھے اور اپنا مشکل ٹاسک مکمل کرکے واپس آتے تھے آج شکر ہے کہ امن بحال ہوچکا اور فیلڈ میں کام کرنا آسان ہوگیا ہے انہوں نے کہا کہ ایک صحافی کو صحافتی اصولوں سے پوری طرح باخبر اور آئین و قانون اور معاشرتی اقدارکو مد نظر رکھ کر رپورٹنگ کرنی ہے اور اس کیلئے ضروری ہے کہ وہ صحافت میں پڑھا لکھا ہو اور تمام متعلقہ لوازمات سے باخبر ہو صحافت یہ نہیں کہ قلم یا کیمرہ اٹھایا اور کہیں بھی جاکر الٹا سیدھا کچھ کردیا انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ سوشل میڈیا نے صحافت کا حلیہ بگاڑ دیا جس میں پیشے کی حرمت کا بھی خیال نہیں رکھا جاتا درحقیقت وہ صحافی نہیں بلکہ کاروباری لوگ ہوسکتے ہیں انہوں نے کہا کہ مستقبل قریب میں یونیورسٹیوں سے کافی صحافی فارغ ہونگے جن سے امید ہے کہ صحافت میں کافی بہتری آئے گی ریاست کا بھی فرض ہے کہ اس سلسلے میں واضح قانون سازی کرے اور پرنٹ و الیکٹرانک اور سوشل میڈیا سمیت تمام شعبوں میں صحافی کیلئے کم از کم ایک ڈگری کو لازمی قرار دیا جائے انہوں نے کہا کہ سچا صحافی خود سے نہ لکھتا ہے اور نہ کہ سکتا ہے وہ وہی لکھے اور کہے گا جو رونما ہوا ہو نیاز احمد خان کا اپنے بارے میں کہنا تھا کہ انہیں بچپن ہی سے لکھنے کا شوق تھا اور اسی شوق کو دوام دیتے ہوئے آج صحافت کے میدان میں چیلنج سمجھ کر اپنے فرائض انجام دے رہا ہوں انہوں نے بتایا کہ سکول کے دور میں بچوں کے رسالے کیلئے لکھنا شروع کیا اس کے ساتھ ساتھ اپنے طباعتی ادارے شعیب سنز پبلشرز کے ساتھ بھی وابستہ رہے جو سوات کے پرانے علمی اداروں میں شمار ہوتا ہے نیاز احمد خان نے صحافت میں ماسٹر کیا ہے اورمختلف اخبارات، ٹی وی اور ریڈیو چینلز کیساتھ منسلک رہے ہیں۔
میڈیا دور جدید کا خطرناک ہتھیار ہےجس کا استعمال ذمہ دار افراد کے ہاتھوں میں ہونا چاہئے،نیاز احمد خان
