محکمہئ صحت خیبر پختونخوا نے ریجنل بلڈ سنٹر سوات کے 45 ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ پروجیکٹ ڈائریکٹرہیلتھ ڈیپارٹمنٹ دفترکے اعلامیے کے مطابق 31 دسمبر 2021ء کو ریجنل بلڈ سنٹر سوات کے تمام ملازمین کی مدت ملازمت ختم ہو جائے گی، جس کے بعد ملاکنڈ ڈویژن کے تمام ہسپتالوں خاص کر سیدو گروپ آف ٹیچنگ ہسپتال اور تھیلی سیما سنٹرز کو بیماریوں سے پاک اورصاف مفت خون کی فراہمی بند ہو جائے گی۔ ادارے کے ملازمین کا کہنا ہے کہ اگر ایک ہفتہ کے اندر اندر ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ نے ان کے حق میں کوئی مثبت فیصلہ نہ کیا، تو وہ سراپا احتجاج ہونگے۔ مذکورہ سنٹر میں کام چھوڑ کر سنٹر بند کر دیں گے جس کے بعد کسی بھی نقصان کی ذمہ داری حکومت وقت اور ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ پر ہوگی۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ اب ان کے پاس احتجاج کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔ کیونکہ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کا یہ فیصلہ انکے مستقبل کو تباہ کرنے کے مترادف ہے۔
ریجنل بلڈ سنٹر سوات کے 45 ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ
